سیاسی جماعتیں کاغذات نامزدگی میں پرانے حلف نامے کی بحالی کیلیے ترمیم پرمتفق

ویب ڈیسک  بدھ 4 اکتوبر 2017

 اسلام آباد: قومی اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں نے ختم نبوت سے متعلق حلف نامے کو اصل شکل میں واپس لانے کے لیے فوری آئینی ترمیم کے لیے اتفاق کرلیا ہے۔

قومی اسمبلی میں پارلیامنی لیڈران کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردار ایازصادق نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے وقت ختم نبوت سے متعلق حلف نامے کے الفاظ میں غلطی ہوگئی تھی، غلطی کودرست کرنا کوئی بری بات نہیں، اس کے لیے انہوں نے پارلیمانی لیڈران کا اجلاس بلایا تھا۔ ہم ختم نبوت سے متعلق حلف نامہ پرانی حیثیت میں بحال کریں گے۔ وفاقی وزیرقانون زاہد حامد نے کہا کہ ساری جماعتوں کا مشکور ہوں انہوں نے اس معاملے پر اتفاق کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن نے اس کی نشاندہی کی اوراسے اسمبلی میں سامنے لایا گیا، یہ بڑا حساس ، جذباتی اور اہم مسئلہ ہے، اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ایک ترمیم کی جائے گی جس کے ذریعے حلف نامے کو اس کی اصل شکل میں لایا جائے گا، اس کے ساتھ ہی میں نے تجویز دی ہے کہ شق 203 پربھی نظرثانی کی جائے کیونکہ یہ معاملہ عدالتوں میں جاچکا ہے۔

اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شیخ صلاح الدین، اکرم درانی، شاہ محمود قریشی، مولانا امیرزمان اور دیگر پارلیمانی لیڈر شریک ہوئے۔ الیکشن بل میں امیدواروں کے حلف نامے میں الفاظ کی تبدیلی سے پیدا صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران نے فیصلہ کیا کہ کاغذات نامزدگی میں حلف نامے کو اس کی اصل شکل میں لایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔