ون ڈے رینکنگ : پاکستان کو چوتھی پوزیشن پانے کا موقع مل گیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 26 فروری 2013
پاکستان کا جنوبی افریقہ میں ایک روزہ ریکارڈ اب تک انتہائی مایوس کن ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کا جنوبی افریقہ میں ایک روزہ ریکارڈ اب تک انتہائی مایوس کن ہے۔ فوٹو: فائل

دبئی: پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع میسرآگیا، جنوبی افریقہ کے خلاف 4-1 سے فتح درکارہوگی، چیمپئنز ٹرافی سے قبل تیاریوں کی بھی جانچ ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہونا پڑا تاہم ون ڈے سیریز کی صورت میں اس کے پاس نہ صرف پروٹیز سے بدلہ لینے بلکہ اپنی رینکنگ بھی بہتر بنانے کا نادر موقع موجود ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 10 مارچ سے ہوگا، اس وقت ون ڈے رینکنگ میں گرین شرٹس چھٹے نمبر پر موجود ہیں اگر وہ پروٹیز پر4-1 سے یا اس سے بہتر مارجن سے فتح حاصل کرتے ہیں تو چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

باہمی مقابلوں میں جنوبی افریقہ کا پلڑہ بھاری ہے، اس نے پاکستان پر 18 کے مقابلے میں 38 کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستان کا جنوبی افریقہ میں ایک روزہ ریکارڈ اب تک انتہائی مایوس کن ہے، اس نے صرف 6 میچز جیتے جبکہ میزبان نے 14 مواقع پر کامیابی حاصل کی، ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا تھا۔

اس سیریز کی صورت میں پاکستان کو جون میں انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی تیاریوں کی جانچ کا موقع بھی مل جائے گا۔ دوسری جانب ٹیم رینکنگ میں بھارت بدستور ٹاپ پر قابض ہے، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز 2-1 سے جیت خود کر دوسرے نمبر سے تنزلی سے بال بال بچایا مگر اب ان کے اور تیسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق باقی ہے۔ اگر جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کرتا تو یکم اپریل کی کٹ آف تاریخ تک انگلش ٹیم دوسری پوزیشن برقرار رکھ کر خود کو 75 ہزار ڈالر کے خصوصی انعام کی حقدار ثابت کرسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔