ساؤتھ کے ایک اور چہرے کی بالی وڈ میں دھوم تمنا بھاٹیہ کی نئی ہندی فلم ریلیز کیلئے تیار

بالی وڈ میں ہرطرح کے کردار نبھاؤں گی،منفرد کردارنبھانا پسند ہے، بے مثال پرفارمنس سے دل جیتوں گی۔


Showbiz Desk March 01, 2013
نئی فلموں میں کام کی پیشکش ہوئی ہے، شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی، ساؤتھ سے بالی وڈ آنے والی اداکارہ کی گفتگو ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ تمنا بھاٹیہ نے کہا ہے کہ نئی فلم میں بے مثال پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لوں گی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں کام کرکے بہت خوش ہوں ،ساؤتھ کے ساتھ یہاں بھی اداکاری کروں گی۔ آئٹم سانگ بھی کرکے دکھاؤں گی ۔ہرطرح کے کردار نبھاؤں گی ۔قبل ازیں اداکارہ کی اجے دیوگن کے ساتھ فلم مکمل ہوچکی ہے جسکو ریلیز کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔اس فلم کی تشہیری مہم جاری ہے ۔رواں سال ریلیز ہونے والی نئی فلم ''ہمت والا''اجے دیو گن کے ساتھ جلوہ گر ہونگی ۔ساؤتھ سے اس چہرے کی آمد پر ہر سو دھوم مچ گئی ہے۔ آتے ہی بالی وڈ میں قدم جمانے والی اداکارہ تمنا بھاٹیہ کا کہنا ہے کہ وہ نئی فلم میں لیڈنگ لیڈی رول نبھارہی ہیں۔

ہدایتکار ساجد خان کی اس فلم کے فلمساز واشو بھگنانی ہیں ۔رواں سال 29 مارچ کو فلم سینمماؤں کی زینت بنائی جائے گی۔ یہ فلم 1983 کو ریلیز ہونے والی فلم ''ہمت والا ''کا ریمیک ہے ۔ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں پرفارم کررہی ہوں ۔منفرد کردار پسند ہے اور آنیوالی فلموں میں اپنی الگ شناخت بنانے کے لیے محنت کررہی ہوں۔ ادھر بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ تمنا بھاٹیہ کی پرفارمنس اچھی رہی ہے ان کی اٹھان نے انھیں کامیابی کے راستے پر ڈال دیا ہے انھیں توقع ہے کہ اداکارہ آنیوالی فلم ''ہمت والا ''میں اپنے کردار کو خوبی سے نبھائیں گی۔

واضح رہے کہ 21 دسمبر 1989 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی اداکارہ نے ممبئی میں بی، اے کرنے کے بعد شوبز کی دنیا میں قدم رکھتے وقت اپنا نام تمنا بھاٹیہ رکھ لیا ۔اسکول سے ہی کلچرل سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہی ہیں ،تمنا نے 13 برس کی عمر میں اسکول کے ڈرامہ میں حصہ لے کر اپنی عمدہ پرفارمنس سے سب کو حیران کردیا ۔اداکارہ نے مشہور گائیک ابھی جیت ساونت کی میوزک البم ''لفظوں میں کہہ نہ سکوں ''پر بھی پرفارم کیا ۔اس عرصہ میں کئی ڈراموں میں لیڈنگ رول میں کردار نبھائے اور ساتھیوں سے داد وصول کی۔22 سالہ بالی وڈ اداکارہ نے فنی کیرئیر کا آغاز 2005 میں ہندی فلم ''چاند ساروشن چہرہ ''میں عمدہ پرفارمنس دے کر کیا ۔پھر تلگو فلم ''سری ''میں جلوہ گر ہوئیں۔ 2007 میں بھی تامل فلم ''ویا پری ''کی۔



پھر تلگو فلم ''ہیپی ڈیز''میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اور اس کے بعد 2012 تک ساؤتھ کی بیسیوؤں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔اس عرصہ کے دوران ساؤتھ کی متعدد فلموں میں عمدہ پرفارمنس پر کئی نیشنل ایوارڈز جیتے۔ 2007 سے 2011 کے دوران اداکارہ تمنا بھاٹیہ نے تامل اور تلگو فلموں میںعمدہ پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کے 5 فلم فیئر ایوارڈزکے لیے نامزد کیا گیا ۔ 2009 سے 2010 کے دورا ن اداکارہ تمنا بھاٹیہ کو پھر بہترین اداکارہ کے طور پر منتخب کرتے ہوئے ''وجے ایوارڈز کے لیے تین مرتبہ نامزد کیاگیا ۔ اداکارہ کو فلم ''100 فیصد لو''کے لیے فلم سائن ایوارڈ سے نوازا گیا 2012 میں اداکارہ کی دو تامل فلموں نے باکس آفس پر دھوم مچادی اور ان کی کامیابی کے چرچے سن کر بالی وڈ کے فلمسازوں اور ہدایتکاروں کی جانب سے انھیں نئی بالی وڈ فلموں میں کام کرنے کی آفرز آنے لگیں۔ ''ہمت والا ''اداکارہ کی دوسری ہندی فلم ہوگی۔ اس فلم میں انھیں مرکزی کردار میں کاسٹ کیا گیا ہے۔

اداکارہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مداحوں نے ساؤتھ کی فلموں میں پرفارمنس کو سراہا ہے ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی پرفارمنس کو ہندی فلم کے لیے بھی بے مثال بنانے کی کوشش کروں گی ۔بالی وڈ میں پہلی فلم کے بعد ساؤتھ میں قدم جمانے والی اداکارہ نے کہا ہے کہ انھیں کئی بالی وڈ فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی ہے ۔اب تک جو مناسب سمجھا اس پیشکش کو قبول کیا ہے کم فلموں کا انتخاب کرکے ان کو بھرپور توجہ کے ساتھ کرنا چاہتی ہوں۔ اداکارہ کی اس نئی ریمیک فلم کے لیے انھیں اجے دیوگن کے مدمقابل کاسٹ کیا گیا ہے۔ ہدایت کار ساجد خان کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی بہت اچھی ہے۔میوزک ساجد واجد نے تیار کیا ہے ۔فلم کی پہلی جھلک ریلیز کی جاچکی ہے ۔فنکاروں کی عمدہ پرفارمنس اس فلم کو کامیابی سے ہمکنار کرے گی۔

مقبول خبریں