گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کیلیے خواجہ سراؤں کی خدمات حاصل کرینگے کمشنر

خواجہ سراؤں پر مشتمل خصوصی ورک فورس قائم کی جائیگی،انھیں مفید شہری بنا کر مفاد عامہ کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے


Staff Reporter January 05, 2014
ہمارے حقوق کے تحفظ کیلیے کمیٹی بنائی جائے، پولیس کا بڑھتا ہوا تشدد لمحہ فکریہ ہے،خواجہ سراؤں کے وفد کی شعیب صدیقی سے ملاقات فوٹو: فائل

شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کے4 ہزار سے زائد خواجہ سراؤں کو گراں فروشوں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے جاری کریک ڈاؤن کا حصہ بنایا جا ئے گا۔

خواجہ سراؤں پر مشتمل خصوصی ورک فورس قائم کی جائے گی جو کہ ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ مل کر مفاد عامہ اور عوام کو ریلیف دینے کے اقداما ت میں بھر پور کردار ادا کرے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں خواجہ سراؤں کے و فد سے ملاقات کے مو قع پر کیا جس کی قیادت جہاں ویلفیئرالائنس کی صدر بندیا رانا نے کی جبکہ جنرل سیکریٹری رانا آصف حبیب، الائنس کی نا ئب صدر انجو، سارہ گل، رضی جان اور خواجہ صائمہ بھی وفد میں شامل تھیں، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کراچی ذوالفقار عباسی اور ڈائریکٹر میڈیا کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے، جہاں ویلفیئرالائنس نے پولیس کی جانب سے بڑھتے ہوئے تشدد کے سلسلے میں خواجہ سراؤں کی شکا یت کے حوالے سے بریفنگ دی اور خواجہ سراؤں کے مسائل سے آگاہ کیا، بندیا رانا نے الائنس کی طرف سے مطالبہ کیا کہ کمشنر کراچی کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی جا ئے جو کہ خواجہ سراؤں کے انسانی حقوق و قانون سے متصادم معاملات دیکھے، انجو نے خواجہ سراؤں کے حوالے سے پو لیس کی تربیت کے انتظام کا مطالبہ کیا۔



رانا آصف حبیب نے کہا کہ تھانے کی سطح پر آگہی، ٹریننگ اور حقائق جمع کرنے کیلیے کمیٹی میں تمام متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا، سارہ گل نے کہا کہ خواجہ سراؤں سے بہتر رویے کیلیے کوئی نظام قائم کرنا ہو گا، رضی جان نے کہا کہ پولیس کا بڑھتا ہوا تشدد لمحہ فکریہ ہے، اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ شہر کے973 سگنلز پر کام کرنے والے خواجہ سراؤں کو معاشرے کا مفید شہری بنا کر مفاد عامہ کیلیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے خواجہ سراؤں کو معاشرے میں ان کا جا ئزاور باعزت مقام دلوانے کے سلسلے میں ہر سطح پر ممکنہ تعاون اور کا وشوں کا یقین دلایا، شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں رہا ئش پذیر17ہزار سے زائد خواجہ سراؤ ں کو ملکی ترقی اور سماجی کردار اداکرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا جانا چاہیے، تمام ادارے خواجہ سراؤں کے جا ئز حقوق کیلیے بھرپور تعاون کریں۔

مقبول خبریں