سونو نگم کی شرانگیزی پھیلانے پر اپنے ہی میڈیا کی چھترول

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 مارچ 2019
 پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں بھارتی میڈیا کا رویہ نہایت غیرمناسب اوربچکانہ ہے، سونو نگم فوٹوفائل

پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں بھارتی میڈیا کا رویہ نہایت غیرمناسب اوربچکانہ ہے، سونو نگم فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ گلوکار سونونگم  پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر اپنے ہی میڈیا کے نامناسب اور اشتعال انگیز رویے پر بھڑک اٹھے اوران کی طبیعت صاف کردی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو بڑھانےمیں اہم کردار بھارتی میڈیا کے سنسنی خیز اوراشتعال انگیز رویے کا بھی ہے۔ بھارتی میڈیا نے اس ساری صورتحال میں نہایت نامناسب اور جذباتوں کو بھڑکانے والی رپورٹنگ کرکے جنگ کا ماحول بنانے میں اہم کردار اداکیا اور اپنے عوام کے غصے کو ہوا دی۔ بھارتی میڈیا کے اس نامناسب  رویے پر جہاں دنیا بھر میں بھارت کی جگ ہنسائی ہورہی ہے وہیں خود بھارت سے بھی اپنے ہی میڈیا کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:بھارتی فنکار اپنے پائلٹ کی واپسی کے لیے گڑگڑانے لگے

بالی ووڈ گلوکار سونو نگم نے گزشتہ روز  پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر اپنے میڈیا کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا آپ اشتعال دلانے والے ٹوئٹس کررہے ہیں اور سامنے والے کو چڑارہے ہیں جب آپ ان کے ساتھ غلط رویہ رکھیں گے تو وہ بھی سامنے سے جواب دیں گے۔

سونونگم نے کہا میچ میں ابھی تو پہلی گیند کرائی گئی ہے اور ہمارے میڈیا نے شور مچانا شروع کردیا کہ ہم جیت گئے، یہ بھارتی میڈیا کی بہت ہی بیوقوفانہ حرکت ہے، اچھے ملک میں رہنے والے لوگ تمیز سے رہتے ہیں تاہم ٹی وی پر جو کچھ دکھایا جارہا ہے وہ سب مہذب لوگوں کی نہیں بلکہ بچکانہ باتیں ہیں۔ سامنے والے کو اشتعال نہ دلائیے ورنہ وہاں سے بھی جواب آئے گا۔

سونونگم نے اپنے میڈیا کی خبر لیتے ہوئے کہا ہمارا میڈیا نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کی موت کا جشن مناتا ہے کسی کی موت کا جشن ہم کیسے مناسکتے ہیں، لہٰذا مجھے لگتا ہے ہمارے میڈیا کو مزید سبق سیکھنے کی ضرورت ہے ہمارامیڈیا بالکل بھی سمجھدار نہیں ہے جب کہ ہمیں بھی اچھا انسان بننے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔