شاہ زیب قتل کیس،مقتول کی والدہ کی درخواست مسترد

اسٹاف رپورٹر  بدھ 25 دسمبر 2013
کیس پراپرٹی کو اپیل کے فیصلے تک کسی کو حوالے  نہیں کیا جا سکتا،عدالت۔ فوٹو: فائل

کیس پراپرٹی کو اپیل کے فیصلے تک کسی کو حوالے نہیں کیا جا سکتا،عدالت۔ فوٹو: فائل

کراچی: شاہ زیب قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر3 نے مقتول کی گاڑی واپس لینے سے متعلق اس کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق مقتول کی والدہ مسماۃ امرین خان نے ضابطہ فوجداری کی ایکٹ517/A سی آر پی سی کے تحت دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وہ مقتول شاہ زیب کی ماں ہے اور وقوعے کے روز شاہ زیب جو گاڑی چلارہا تھا وہ ان کی ملکیت ہے۔

پولیس نے گاڑی کو کیس پراپرٹی کے طور پر عدالت میں پیش کیا تھا، کیس کا فیصلہ7 جون کو سنا دیا گیا ہے اور فاضل عدالت نے کیس کو نمٹا دیا ہے، گاڑی عدالت کے احاطے میں کھلے آسمان تلے کھڑی ہے جو کہ خراب ہورہی ہے، ایس ایچ او بوٹ بیسن کو گاڑی ان کے حوالے کرنے کا حکم دیا جائے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے بھی کوئی اعترض نہیں کیا تاہم فاضل عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیس کی اپیل عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے اور کیس پراپرٹی کو اپیل کے فیصلے تک کسی کو حوالے  نہیں کیا جا سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔