آصف زرداری کے حواریوں اور بانی ایم کیو ایم کی باقیات سے نجات کا وقت آگیا، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعرات 14 دسمبر 2017

 کراچی: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے حواریوں اور بانی ایم کیو ایم کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے۔

کراچی میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں چیرمین تحریک انصاف کو کراچی کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عمران خان اور مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، جلد ملاقات پراتفاق

اس موقع پر چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ میں تبدیلی کا پیش خیمہ اور مرکز ہے، تحریک انصاف سندھ میں بھی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے جب کہ سندھ اور کراچی میں عوامی مینڈیٹ پر نقب زنی کے منصوبے ناکام بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے حواریوں اور بانی ایم کیو ایم کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے، ہم سیاسی اور حکومتی آلائشوں سے سندھ کو پاک کرنے کے لیے جامع حکمت عملی دیں گے۔

بعد ازاں کراچی میں ایک تقریب کے دوران صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں، قوموں کے سامنے مشکل وقت آتا ہے جس کا ہمیں سامنا ہے لیکن  سوچنا چاہیے کہ ہم کیا غلطی کررہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب وزیراعظم منی لانڈرنگ میں ملوث ہو تو ملک کیسے چلے گا، وزیر خزانہ مفرور اور وزیر خارجہ بیرون ملک ملازمت کررہا ہو تو کیا ہوگا، ایک سینئر وزیر بیرون ملک سیکیورٹی گارڈ ہو تو کیا کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوپر بیٹھے لوگ کرپٹ ہوں تو ملک کے ادارے تباہ ہوجاتے ہیں،  کرپشن سے صرف تاجر ہی نہیں تمام عوام بھی متاثر ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔