پی ٹی آئی کا فاٹا انضمام میں تاخیر پر احتجاج حدیبیہ کیس پر آگاہی مہم کا اعلان

قبائل کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے، عمران کی زیرصدارت بنی گالا میں اجلاس


Numainda Express December 24, 2017
عوامی تحریک کی اے پی سی میں شرکت کافیصلہ،رکنیت سازی مہم تیزکرنے پراتفاق۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے معاملے پر حکومتی یوٹرن کی شدید مذمت کرتے ہوئے قبائلی عوام کے مستقبل کیلیے تاریخی احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کا اعلیٰ سطح کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے فاٹاکے خیبر پختونخوا میں انضمام کے وعدے پر عمل درآمد نہ ہونے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے احتجاج کرنے کافیصلہ کیاگیا جس کی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ایک شخص کی خوشنودی کی خاطر ملکی سلامتی اور قبائلی عوام کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اجلاس میں امریکی نائب صدرکے پاکستان کے بارے میںبیان کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی نائب صدر نے اپنے بیان سے پاکستانی قوم کی دل آزاری کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ مالی اورجانی قربانیاں دیں، اس قسم کے بیانات شکست خوردگی اورمایوسی کی علامت ہیں جب کہ اجلاس میں قانونی ٹیم کی حدیبیہ پیپر ملز کیس پر مفصل بریفنگ دی گئی اور آئندہ چند روز میں قومی سطح پر آگہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف کی قیادت نے عوامی تحریک کی کل جماعتی کانفرنس میں بھی شرکت کا بھی فیصلہ کیا جس میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وفد شریک ہوگا۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی کے اصولی مطالبے کی ہرسطح پر حمایت کا اعلان اور رکنیت سازی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ اس ضمن میں اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مہم کو مزید تیز اور موثر بنانے پر اتفاق کیا۔

مقبول خبریں