غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید

ویب ڈیسک  اتوار 18 فروری 2018
غزہ کی سرحد پر بم دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوگئے فوٹو:فائل

غزہ کی سرحد پر بم دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوگئے فوٹو:فائل

غزہ: مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے حملے میں 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جبکہ ایک بم دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہدا کی شناخت سلام صباح اور عبداللہ ابو شیخ کے نام سے ہوئی اور دونوں کی عمر 17 سال تھی۔ صہیونی فوج نے ان نوجوانوں کو سرحد کے قریب نشانہ بنایا۔

دوسری جانب غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر بم دھماکے میں 4 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ امدادی اہلکاروں نے زخمی فوجیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں 2 فوجیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 8 فلسطینی شہید

تحقیقات کے مطابق اسرائیلی فوج کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا گیا جبکہ حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے جنگی طیاروں اور ٹینکوں سے غزہ پر بمباری اور شدید گولہ باری کی۔

واضح رہے کہ 2014 میں غزہ کی حکمراں جماعت حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ ہوئی تھی جس میں 2300 سے زائد فلسطینی شہید اور 70 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔