مسلمانوں اور سکھوں کے قتل عام کی ذمہ دار کانگریس ہے کانگریسی رہنما

بھارت میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد سکھوں اور بابری مسجد کی شہادت پر مسلمانوں کا بے دردی سے قتل عام کیا گیا تھا


ویب ڈیسک April 24, 2018
سینئر سیاست دان سلمان خورشید کانگریس حکومت میں وفاقی وزیر تھے (فوٹو : فائل)

سینئر کانگریس رہنما اور سابق وفاقی وزیر سلمان خورشید نے اعتراف کیا ہے کہ سکھ اور مسلمانوں کے قتل عام کی ذمہ دار کانگریس ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما سلمان خورشید نے ایک تقریب میں علی گڑھ یونیورسٹی کے طالب علم کے سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ بھارت میں سکھوں اور مسلمانوں کا لہو کانگریس کے ہاتھوں پر ہے، ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1984ء میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد سکھوں کے قتل عام اور بابری مسجد کے واقعے میں مسلمانوں کے قتل عام کے وقت میری جماعت کانگریس کی حکومت تھی اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہم لوگوں کی حفاظت کی اپنی اولین ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے، ہمیں سکھوں اور مسلمانوں کی جس طرح مدد کرنی چاہیے تھی وہ ہم نہیں کرسکے۔

واضح رہے کہ 1984ء میں اُس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے اپنے سکھ محافظوں کے ہاتھوں قتل ہونے کے بعد بھارت میں سکھوں کا قتل عام کیا گیا تھا اسی طرح 1992ء میں بھارتی انتہا پسندوں نے بابری مسجد کو شہید کردیا تھا جس کے بعد مسلم کش فسادات پھوٹ پڑے تھے، ان دونوں سانحات کے وقت بھارت میں کانگریس کی حکومت تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں