آئرلینڈ نے مستقبل میں دورہ پاکستان کی آس دلادی

ویسٹ انڈیز سے سیریز اور پی ایس ایل کا کامیابی سے انعقاد ہو چکا


Saleem Khaliq May 09, 2018
ڈبلن: پاکستان سے ٹیسٹ کیلیے منتخب شدہ آئرش کرکٹ ٹیم کا گروپ فوٹو

HYDERABAD/ KARACHI: آئرلینڈ نے مستقبل میں دورہ پاکستان کی آس دلا دی۔

کرکٹ بورڈکے چیف ایگزیکٹیو وارین ڈیوٹروم نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو ڈبلن سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ مستقبل میں ہماری ٹیم کے پاکستان جانے کا امکان موجود ہے، ویسٹ انڈیز سے سیریز اور پی ایس ایل کا کامیابی سے انعقاد ہو چکا، ہم کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل آئی سی سی سیکیورٹی ماہرین اور خود پاکستانی حکام سے مشاورت کریں گے۔

ان کے مطابق پاکستان کئی برسوں سے آئرش کرکٹ کو سپورٹ کرتے چلے آیا ہے،2000 ء میں ڈبلن میں آئرلینڈ اور پاکستان کی خواتین ٹیموں کا ٹیسٹ میچ ہو چکا،اس بار مینز ٹیموں میں بھی بہترین مقابلہ متوقع اور ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے،پہلے دن کے تقریباً تمام ٹکٹ بک چکے،اتوار کو تیسرے دن کا کھیل دیکھنے کیلیے آئرش صدر گراؤنڈ آئیں گے،اسی روز ہم سابق مرد وخواتین انٹرنیشنل کرکٹرز کی خدمات کے اعتراف میں تقریب بھی سجائیںگے۔ تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم جمعے سے مالاہائیڈ ڈبلن میں پاکستان سے اپنی تاریخ کا اولین ٹیسٹ کھیلے گی۔

میچ کیلیے وہاں جوش وخروش عروج پر پہنچا ہوا ہے، اس موقع پر نمائندہ ''ایکسپریس'' نے کرکٹ آئرلینڈکے چیف ایگزیکٹیو وارین ڈیوٹروم کا خصوصی انٹرویو کیا، انھوں نے کہا کہ مستقبل میں آئرش ٹیم کے دورئہ پاکستان کا امکان موجود ہے، ہم نے دیکھا کہ ویسٹ انڈیز کا حالیہ ٹور بہت اچھا رہا،ہم پی ایس ایل کی کامیابی دیکھ کر بھی لطف اندوز ہوئے جس کے بعض میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے گئے تھے، ہم کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل یقیناً آئی سی سی سیکیورٹی ماہرین اور خود پاکستان سے مشاورت کریں گے، البتہ میں دیکھ رہا ہوں کہ آنے والے برسوں میں ٹیم کا دورہ ممکن ہے۔انھوں نے کہا کہ جب پی سی بی نے آئرلینڈ سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی تو ہم بہت خوش ہوئے۔

پاکستان کئی برسوں سے آئرش کرکٹ کو سپورٹ کرتے چلے آیا ہے، اسی کے ساتھ فیلڈ میں2007 سے دونوں ٹیموں میں خاصی رقابت پائی جاتی ہے جب آئرلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ورلڈکپ سے باہر کر دیا تھا،انھوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب دونوں ٹیمیں ٹیسٹ کھیلیں گی، درحقیقت2000ء میں ڈبلن میں آئرلینڈ اور پاکستان کی خواتین ٹیموں کا ٹیسٹ میچ ہوا تھا جس میں میزبان نے کامیابی پائی،اولین مینز ٹیسٹ کیلیے گرین کیپس درست انتخاب اور ہم بے چینی سے میچ کے منتظر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم ٹیسٹ اسٹیٹس پانے پر خوش ہیں۔

ہم طویل سفر طے کر کے یہاں تک پہنچے اور اس میں آن اور آف دی فیلڈ ٹیم ورک کا اہم کردار رہا، ہم نے رواں دہائی کے اختتام تک ٹیسٹ اقوام میں شامل ہونے کا ہدف رکھا تھا جون 2017میں ہماری خواہش نے حقیقت کا روپ دھار لیا، آنے والا ٹیسٹ نہ صرف آئرش کھیلوں بلکہ دنیائے کرکٹ کا بھی تاریخی وخاص لمحہ ہے،18 برس میں پہلی بار کسی نئے ممبر نے ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، انھوں نے کہا کہ میچ کیلیے ہماری تیاریاں تقریباً مکمل اور ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے،پہلے دن کے تقریباً تمام ٹکٹ بک چکے اوردوسرے روز کی تیزی سے فروخت ہو رہی ہے،موسم اچھا رہا تو اتوار کو تیسرے دن بھی ہم بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کی توقع کر رہے ہیں۔

میچ کی تاریخی اہمیت نے خاصے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرائی ہے، ہمیں امید ہے کہ اس میچ کے ذریعے ہم ایک عام شائق کو مزید کھیل کی جانب راغب کر کے کرکٹ کو آئرلینڈ کے مرکزی دھارے میں شامل کھیل بنائیں گے۔ وارین ڈیوٹروم نے کہا کہ میچ کیلیے ہم نے بعض خصوصی پلانز بنائے ہیں، اتوار کو تیسرے دن کا کھیل دیکھنے کیلیے آئرش صدر گراؤنڈ آئیں گے،اسی روز ہم سابق مرد وخواتین انٹرنیشنل کرکٹرز کی خدمات کے اعتراف میں تقریب بھی سجائیںگے، بعض دیگر منصوبے بھی ہیں جنھیں بعد میں ظاہر کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ آئرلینڈ اب آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ اور ہمیں توقع ہے کہ اگلے چار برسوں میں ہم کافی ہوم اور اوے ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے۔

اسی کے ساتھ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی بھی شامل ہوںگے، وقت کے ساتھ ہم ریڈ بال کی کرکٹ کا جتنا تجربہ حاصل کرتے جائیں اتنے ہی زیادہ مواقع بھی ملنے لگیںگے، اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا تو ہم اگلے ایف ٹی پی میں اپنے ٹیسٹ میچز کے حوالے سے جلد اہم اعلانات کریں گے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کی پچ دنیا کے دیگر حصوں کی پچز جیسی ہوگی، گھاس کی موجودگی میں موومنٹ کی توقع رکھی جا سکتی ہے، البتہ اگر آنے والے دنوں میں موسم خشک رہا تو آپ وکٹ پر باؤنس بھی دیکھیںگے، انھوں نے کہا کہ آئرلینڈ کا موسم پاکستان سے بہت زیادہ مختلف ہے، یہاں ان دنوں سردی کے ساتھ بارش بھی جاری رہتی ہے، لہذا آپ توقع رکھیں کہ کھلاڑی آدھی کے بجائے فل آستین کی شرٹ پہن کر ایکشن میں نظر آئیںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں