اپنوں نے آنکھیں پھیرلیں غیروں کا شاہد آفریدی کو ’’گارڈ آف آنر‘‘

خواہش کے باوجودملک میں الوداعی میچ کا موقع نہ ملا، اب کیریئرکا لارڈز میں اختتام


Sports Desk June 02, 2018
کیریبیئن جزائر میں طوفان سے متاثرین کیلیے20 ہزار ڈالرز عطیہ کرنے کا اعلان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اپنوں کے آنکھیں پھیرنے کے بعد شاہد آفریدی کو غیروں نے گارڈ آف آنر پیش کردیا۔

لارڈز میں شاہد آفریدی کی زیر قیادت ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین چیریٹی میچ جمعرات کی شب کو کھیلا گیا،اس کا مقصد جزائر غرب الہند میں سمندری طوفانوں سے متاثر ہونے والے کرکٹ وینیوز کی بحالی کیلیے فنڈز اکٹھا کرنا تھا۔

پاکستان میں پی سی بی کی بے مروتی کی وجہ سے الوداعی میچ سے محروم رہنے والے شاہد آفریدی کو غیروں نے بڑی عزت اور احترام دیا،آخری انٹرنیشنل سرگرمی کے پیش نظر آل رائونڈر میدان میں داخل ہوئے تو ساتھی کھلاڑیوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، شاہد آفریدی نے گھٹنے کی انجری کے باوجود لنگڑاتے ہوئے بولنگ اور بیٹنگ کی اور ایک وکٹ حاصل کرنے کے بعد 11 رنز بھی بنائے۔ اس جرات مندی پر انھیں شائقین کی طرف بھرپور داد بھی حاصل ہوئی۔

اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ '' میں خوش قسمت ہوں کہ اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری میچ ہوم آف کرکٹ میں کھیلنے کا موقع ملا جس پر اینڈی فلاور اور انگلش کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں، انھوں نے بتایا کہ گذشتہ2ماہ سے گھٹنے کی انجری کے باعث کھیل سے دور ہوں، اتنے عرصے بعد دوبارہ بیٹ پکڑنا اور بولنگ کرنا عجیب لگا تاہم یہ ایک بڑے اور نیک مقصد کیلیے ہے۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں آفریدی نے ہوم آف کرکٹ میں انٹرنیشنل کیریئر کے اختتام کا موقع دینے پر آئی سی سی کا بھی شکریہ ادا کیا، انھوں نے کیریبیئن جزائر میں طوفان سے متاثرین کیلیے اپنی فائونڈیشن کی جانب سے20 ہزار ڈالرز عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

یاد رہے کہ چیریٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ورلڈالیون کو 72رنز سے ہرا دیا تھا،فاتح ٹیم نے ایون لوئس(58)، دنیش رامدین (44)اور مارلون سیموئیلز(43) کی بدولت 199 رنز بنائے، ورلڈ الیون صرف 8 رنزکے سفر میں 4 کھلاڑیوں تمیم اقبال، لیونک رونکی، دنیش کارتھک و سیم بلنگز کا نقصان اٹھانے کے بعد سنبھل نہ سکی اور 127رنز پر ڈھیر ہو گئی، تھشارا پریرا کے 61رنز کسی کام نہ آئے، کیسرک ولیمز نے3جبکہ سیموئلز بدری اور آندرے رسل نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔

شاہد آفریدی نے کم بیک کے حوالے سے سوال مزاق میں ٹال دیا

شاہد آفریدی نے کم بیک کے حوالے سے سوال مزاق میں ٹال دیا، ورلڈ الیون کی قیادت کرنے والے آل رائونڈر سے کمنٹیٹر ناصر حسین نے پوچھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی پلان ہے، جواب دینے سے قبل آفریدی نے بایاں ہاتھ ناصر حسین کے کندھے پر رکھتے ہوئے سہارا لیا اور کہا کہ آپ میری انجری کی صورتحال دیکھ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق کپتان کو گھٹنے کی انجری کی وجہ سے ڈاکٹر نے آرام کا مشورہ دیا تھا لیکن انھوں نے ورلڈ الیون کی قیادت سے انکار نہیں کیا۔

مقبول خبریں