سلمان خان کی رنبیر پر تنقید اور راجکمار ہیرانی کا کرارا جواب

ویب ڈیسک  بدھ 27 جون 2018
 رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ سلطان سلمان خان نے سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور پر تنقید کی تھی جس کے جواب میں فلم کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے سلو میاں کو کرارا جواب دیا ہے۔ 

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کے ان دنوں ہر جگہ چرچے ہیں جس میں رنبیر کپور نے لاجواب اداکاری کی ہے جسے ہر جانب سے سراہا گیا لیکن سلمان خان کو ان کی اداکاری پسند نہ آئی، چند روز قبل بالی ووڈ سلطان نے رنبیر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم ’سنجو‘ میں زندگی کے آخری 10 سال کے سین کو سنجے دت کو خود ادا کرنا چاہئے تھا کیوں کہ سنجے دت کی زندگی کے آخری دہائی خاص طور پر ان کے جیل سے رہا ہونے والے سین کے ساتھ کوئی اور اداکار انصاف نہیں کرسکتا تاہم اُن کے اس بیان پر فلم کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے لب کشائی کرتے ہوئے سلمان خان کی تنقید پر کرارا جواب دے ڈالا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’منا بھائی، تھری ایڈیٹ اور پی کے جیسی مشہور فلموں میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دینے والے راجکمار ہیرانی نے سلمان خان کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’فلم میں سنجے دت کی زندگی کے آخری حصے کو اُن سے خود کرانے کا خیال میرے دماغ میں آیا تھا لیکن پھر یہ سوچا کہ کتنا عجیب لگے گا کہ فلم کے تمام حصوں میں آپ رنبیر کو دکھائیں گے اور آخری حصے کو سنجے خود ادا کریں گے تو یہ چیز لوگوں کو بور کر دے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اداکاری سے متعلق تنقید پررنبیر کا سلمان خان کو کرارا جواب

اس سے قبل فلم ’سنجو‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے رنبیر کپور نے سلمان خان کی تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بھی لیجنڈ کی زندگی پر بنی فلم میں وہ اپنا کردار خود ادا نہیں کرتا بلکہ اس کردار کو کوئی دوسرا اداکار نبھا کر پوری انڈسٹری کی جانب سے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ایسا پوری دنیا میں ہوتا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: فلم ’سنجو‘ کے ٹیزر کے بعد دھماکے دار ٹریلر جاری

واضح رہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ رنبیر کپور کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جب کہ فلم 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔