ٹیسٹ رینکنگ سری لنکا پاکستانی پہنچ سے مزید دور ہونے لگا

ساتویں نمبر پر موجود گرین کیپس کا حریف سے فاصلہ 9 پوائنٹس تک بڑھ گیا


Sports Desk July 25, 2018
اظہرعلی بدستور15ویںنمبرپرموجود،1درجہ تنزلی سے یاسر کی 19ویں پوزیشن۔ فوٹو:ٖفائل

ٹیسٹ رینکنگ میں سری لنکا، پاکستان کی پہنچ سے مزید دور ہوگیا، چھٹے نمبر کے آئی لینڈرز اور ساتویں نمبر کے گرین کیپس میں فاصلہ 9 پوائنٹس تک بڑھ گیاہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کافی عرصے سے ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر براجمان اور اب اس کا پوزیشن پر قیام مزید طویل ہوتا دکھائی دے رہا ہے،گرین کیپس اور چھٹی پوزیشن کے حامل سری لنکا میں فرق 9 پوائنٹس تک بڑھ چکا ہے۔

آئی لینڈرز نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں جنوبی افریقہ کیخلاف2میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا جس کی بدولت اسے6 پوائنٹس ملے، یوں اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد پانچویں نمبر کی ٹیم انگلینڈ کے برابر 97 ہوچکی ہے، البتہ اعشاریائی پوائنٹس کے فرق کی وجہ سے وہ بدستور چھٹے ہی نمبر پر موجود ہے۔

اسی طرح دوسرے نمبر کی جنوبی افریقی ٹیم کو 6 پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا جس سے 106پوائنٹس تیسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا کے برابر ہوچکے، مگر اسے بھی فی الحال اعشاریائی فرق نے ہی تنزلی سے بچالیا ہے۔

پروٹیز کی درگت کے بعد اب اگر بھارت انگلینڈ سے یکم اگست سے شروع ہونے والی پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز ہار بھی جائے تو نمبر ون پوزیشن پر کوئی اثر نہیں ہوگا،البتہ انگلینڈ کلین سوئپ کرکے دوسرے نمبر پر پہنچ سکتا ہے۔

جنوبی افریقہ سے سیریز میں اچھی کارکردگی کی وجہ سے سری لنکا کے کھلاڑیوں کی بھی ترقی ہوئی ہے۔ مین آف دی میچ و سیریز ڈیموتھ کرونا رتنے تین درجے ترقی کے بعد کیریئر بیسٹ ساتویں پوزیشن پر چلے گئے، ان کے اوپننگ پارٹنر دنوشکا گوناتھلاکا ایک ساتھ 36 درجے کی چھلانگ سے 73 واں نمبر سنبھال چکے۔

پابندی کے باعث سیریز نہ کھیل پانے والے سری لنکن کپتان دنیش چندیمل بدستور آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے اظہر علی کی 15 ویں پوزیشن فی الحال بچی ہوئی ہے۔ بیٹنگ چارٹ میں ٹاپ پر بال ٹیمپرنگ میں ایک سالہ پابندی کے شکار سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ موجود ہیں۔بولرز میں یاسر شاہ کو ایک درجہ تنزلی نے 19 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔

مقبول خبریں