ایشین گیمز متحدہ عرب امارات اور فلسطین بھی فٹبال ایونٹ کا حصہ بن گئے

بدھ کو ڈراز میں جگہ مل گئی، رجسٹریشن طریقہ کار میں درست طور پر عمل نہ کرنے پر ابتدائی فہرست سے باہر رہے،منتظمین


Sports Desk July 26, 2018
بدھ کو ڈراز میں جگہ مل گئی، رجسٹریشن طریقہ کار میں درست طور پر عمل نہ کرنے پر ابتدائی فہرست سے باہر رہے،منتظمین۔ فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات اور فلسطین کو ایشین گیمز کے فٹبال ایونٹ میں باضابطہ طور پر بدھ کو شامل کرلیاگیا، یہ دونوں ممالک حادثاتی طور پر ابتدائی ڈرا کا حصہ نہیں بن پائے تھے۔

ایشین فٹبال کنفیڈریشن ( اے ایف سی ) نے کوالالمپور میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر میں فٹبال ایونٹ کے ڈراز دوبارہ ترتیب دیے۔ اب ان دونوں ملکوں کو بھی دیگر 24 ممالک کی ٹیموں کے ساتھ مین ڈرا میں جگہ مل گئی، فلسطین کو گروپ ' اے ' میں میزبان انڈونیشیا، ہانگ کانگ ، لاؤس اور چائنیز تائپے کے ساتھ رکھاگیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم گروپ ' ای ' میں جنوبی کوریا، کرغزستان، ملائیشیا اور بحرین سے ابتدائی میچز کھیلے گی۔ ایشین گیمز 18 اگست سے 2 ستمبر تک منعقد ہوں گے۔

اے ایف سی کے سیکریٹری جنرل ونڈسر جون نے کہا کہ ابتدائی ڈراز کے موقع پر گیمز منتظمین ہمیں یواے ای اور فلسطین کے نام فراہم نہیں کرپائے تھے، اگرچہ دونوں ٹیموں نے رجسٹریشن کی کوشش کی تھی، جون نے مزید کہا کہ مجھے دراصل پیش آنیو الے مسئلے سے متعلق کچھ معلوم نہیں لیکن میرے خیال میں یہ کمپیوٹر کی غلطی ہوسکتی ہے یا اس میں کچھ کمیونیکشن کا فقدان رہا ہوگا۔

انھوں نے واضح کہا کہ اے ایف سی اس ایونٹ کی منتظم نہیں ہے انھوں نے صرف ڈراز کا اعلان اولمپک کونسل آف ایشیا اور انڈونیشین آرگنائزنگ کمیٹی کے کہنے پر کیا ہے۔

دوسری جانب انڈونیشین کمیٹی کے سیکریٹری جرنل ایرس ہیریانٹو نے اس پر اپنا موقف دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں ٹیموں نے رجسٹریشن کیلیے درست طریقہ کار کو نہیں اپنایا تھا، جس کی وجہ سے ان کے نام ابتدائی ڈراز میں شامل نہیں ہوئے تھے۔

انڈونیشیا میں فٹبال ایونٹ پالیم بینگ میں منعقد ہوگا، جہاں پر اس کیلیے مختص اسٹیڈیم کو شائقین نے مقامی کلبز میچ کے دوران پیش آنے والی ہنگامہ آرائی میں نقصان بھی پہنچایا تھا، ایشین گیمز میں 11 ہزار ایتھلیٹس اور 5 ہزار آفیشلز حصہ لیں گے، جن کا تعلق خطے کے 45 ممالک سے ہوگا، پاکستان بھی فٹبال سمیت مختلف کھیلوں میں شریک ہے۔

مقبول خبریں