سفر کیجیے، بار بی کیو چکھیے اور 15 دن میں 12 لاکھ روپے کمائیے

ویب ڈیسک  منگل 7 اگست 2018
امریکی کمپنی نے چیف گرلنگ آفیسر کے لیے بہترین تنخواہ کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ رینلڈزریپ

امریکی کمپنی نے چیف گرلنگ آفیسر کے لیے بہترین تنخواہ کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ رینلڈزریپ

کینٹکی، امریکہ: ایک امریکی کمپنی نے ایک بہت ہی دلچسپ ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی توقعات پر پورے اترنے والے کسی ماہر شخص کو صرف 15 دن کےلیے بارہ لاکھ پاکستانی روپوں کے برابر تنخواہ دی جائے گی جس کے لیے پورے ملک میں سفر کرکے باربی کیو کھانے چکھنے ہوں گے۔

امریکا کی مشہور کمپنی رونلڈ ریپ نے ایک اشتہار دیا ہے جس میں انہوں نے ’چیف گِرلِنگ آفیسر‘ (سی جی او) کے لیے ملازمت کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق افسر کو پورے امریکہ میں گھوم کر مشہور ریستورانوں کے باربی کیو کھانے چکھنے ہوں گے اور ان کے بارے میں اپنی رائے دینا ہوگی۔

ملازمت کا دورانیہ صرف دو ہفتے پر محیط ہے جس میں کھانے اور سفر کے تمام اخراجات کمپنی برداشت کرے گی اور تنخواہ کے طور پر دس ہزار ڈالر بھی ادا کرے گی ۔ اس طرح سی جی او کا کام صرف گھومنا اور کھانا ہی ہوگا۔

کمپنی کے مطابق دورانِ ملازمت سی جی او کو امریکا کے ان بہترین ریستورانوں میں بھیجا جائے گا جو باربی کیو اور گِرل گوشت کےلیے مشہور ہیں۔ اس کے بدلے اسے اپنے تاثرات، تصاویر اور اس ہوٹل میں استعمال ہونے والے، بار بی کیو بنانے کے طریقے اور ٹوٹکے رونلڈز کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا ہوں گے۔

اس دلچسپ ملازمت کے لیے امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ 100 الفاظ میں خود کو اس ملازمت کا اہل ترین فرد ثابت کریں اور ساتھ ہی بہترین بار بی کیو کی تصویریں اور طریقے بھی فراہم کریں۔

یاد رہے کہ درخواست ملازمت کی آخری تاریخ 13 اگست رات بارہ بجے تک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔