پی ٹی آئی حکومت کا مشرف غداری کیس کی پیروی جاری رکھنے کا فیصلہ

سہیل چوہدری  ہفتہ 15 ستمبر 2018
وفاق تاثرنہیں دینا چاہتا کہ حکومت کیس کوآگے بڑھانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے یا کوئی بیک ڈور رابطوں کا تاثر لے،ذرائع۔ فوٹو:فائل

وفاق تاثرنہیں دینا چاہتا کہ حکومت کیس کوآگے بڑھانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے یا کوئی بیک ڈور رابطوں کا تاثر لے،ذرائع۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کامقدمہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ نے خصوصی عدالت میں کیس کی پیروی کے لیے پراسکیوٹر کے تقرر کے حوالے سے ایف آئی کوکارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو پراسیکیوٹرکی تقرری کے لیے تین ماہر وکلا کا پینل بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے ایف آئی اے کو واضح ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پینل بھجوانے میں مناسب درکار وقت سے زیادہ تاخیر نہ کی جائے۔ وفاقی حکومت یہ تاثر نہیں دینا چاہتی کہ حکومت اس کیس کو آگے بڑھانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے یا کوئی بیک ڈور رابطوں کا تاثر لے۔

اسی امرکو مد نظر رکھتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ وقت ضائع کیے بغیر پراسیکیوٹرکی تعیناتی کے لیے وکلا کا پینل اور اس کے ساتھ ان کے کام کی شرائط سے آگاہ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔