کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ ایک بار پھر شروع کرنے کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 15 ستمبر 2018
گرین لائن پروجیکٹ سرجانی تا میونسپل پارک 80 فیصد مکمل ہو چکا، صالح فاروقی، کمشنر کراچی کی وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ۔ فوٹو : فائل

گرین لائن پروجیکٹ سرجانی تا میونسپل پارک 80 فیصد مکمل ہو چکا، صالح فاروقی، کمشنر کراچی کی وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کے بعد کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ ایک بار پھر شروع کرنے کا اعلان کردیا.

چینی قونصل جنرل نے جمعے کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی،ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ کراچی سرکلرریلوے کاکام جہاں رکاتھا،وہیں سے پھر شروع کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون اورکیٹی بندرمنصوبے سی پیک کا حصہ ہیں، منصوبے وفاقی حکومت کے ساتھ بات کرکے بڑھاناچاہتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ چین کے ساتھ کینال لائننگ منصوبے پربھی بات کرچکے ہیں۔

چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ کے ساتھ کیے وعدے پورے کریں گے، چین کے تعاون سے شروع ہونے والے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔

دوسری جانب کمشنرکراچی صالح فاروقی نے گرین لائن پروجیکٹ پربھی وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرین لائن پروجیکٹ سرجانی تامیونسپل پارک80 فیصدمکمل ہوچکا ہے۔ منگھوپیرروڈ کی بحالی جبکہ نشترروڈکی سڑکوں کا کام15فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ سرجانی تاگرومندر کوریڈور پروجیکٹ فیز1 کی لمبائی 21 کلومیٹر ہے جبکہ اس راہ میں آنے والے 21 بی آر ٹی اسٹیشنوں کا کام مکمل ہونے والا ہے۔

کمشنرکراچی نے بتایا کہ گرین لائن بس ڈپو سرجانی کا واشنگ، ریفلنگ، دیکھ بھال کا کام 60 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ آپریشن کمانڈ اینڈکنٹرول بلڈنگ مکمل ہو چکی ہے۔ بریفنگ کے مطابق پروجیکٹ کی فنشنگ کا 80 فیصد کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔