نئے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا کام تیز

پی ایس ایل فائنل کے بعد پی سی بی آسٹریلیا کو کراچی میں 2 ون ڈے میچز کیلیے مدعو کریگا: فوٹو:فائل

پی ایس ایل فائنل کے بعد پی سی بی آسٹریلیا کو کراچی میں 2 ون ڈے میچز کیلیے مدعو کریگا: فوٹو:فائل

 لاہور:  عمران خان کے نئے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کاکام مزید تیزہوگیا، پاکستان سپر لیگ  کے فائنل کے بعد پی سی بی آسٹریلیا کوکراچی میں 2 ون ڈے میچز کھیلنے کی دعوت بھی دے گا، یہ مقابلے  19 سے 31 مارچ کے درمیان کھیلے  جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق مارچ 2009 میں  لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر شدت پسندوں کی طرف سے حملے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے نوگوایریا بن گیا تھا اور آسٹریلیا، انگلینڈ تو درکنار ایشیائی ٹیموں نے بھی پاکستان میں کھیلنے سے انکارکردیا تھا۔ نجم سیٹھی کے دور میں پی ایس ایل کے میچزکے ساتھ زمبابوے سمیت بعض انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان میں آئیں، ملک میں انٹرنیشنل بحالی کے لیے احسان مانی کی سربراہی پر مشتمل پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میچ سمیت مجموعی طور پر8 میچز کی میزبانی کرے گا۔

اب مزید معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو آئندہ برس مارچ میں شیڈول ون ڈے سیریزکے دومیچز پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ حکام آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کواپنی ٹیم پاکستان بھجوانے کی باضابطہ طور پردعوت دیں گے۔پی سی بی حکام کی جانب سے کرکٹ آسٹریلیا کو ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔یہ میچز 19 سے 31 مارچ کے درمیان کھیلے کراچی میں جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔