’’علاج کی کتنی فیس لیتے ہو نجی اسپتال مالکان سے کمائی کی تفصیل طلب‘‘

نجی اسپتالوں کو بتانا ہوگا کتنا کمارہے ہیں، چیف جسٹس


Staff Reporter October 27, 2018
علاج شوگر ملز جیسا منافع بخش کاروبار نہیں ہونا چاہیے،کسی غریب کی مدد کرنا سب کی ذمے داری ہے،چیف جسٹس۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے تمام نجی اسپتالوں سے علاج کی فیس کی فہرست (ریٹ لسٹ) طلب کرلی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کے روبرو نجی اسپتالوں کے مہنگے علاج سے متعلق سماعت ہوئی،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تمام نجی اسپتالوں کو بتانا ہوگا کون کتنا کمارہا ہے،شرجیل میمن کو ضیا الدین اسپتال کے جس کمرے میں رکھا گیا اس کا کرایہ کتنا ہے،ضیا الدین اسپتال کا کمرہ کسی فائیو اسٹار ہوٹل کے کمرے سے زیادہ عالی شان لگ رہا تھا، اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ شرجیل میمن کے کمرے کا کرایہ یومیہ35 ہزار تھا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کہاں ہیں، انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم حسین ملک سے باہر ہیں ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو ملک سے باہر جانے کی اجازت کس نے دی، ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا تھا نام ای سی ایل میں نہ ڈالیں بیرون ملک نہیں جاؤں گا، وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو نیب عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے بتایا جائے کہ پچھلے15 دنوں میں ضیاالدین اسپتال میں کتنے مریضوں کا مفت علاج کیا گیا ہے۔ غریبوں کے لیے کتنے بستر مختص ہیں اور کتنے میں ملتے ہیں، بتایا جائے، آکسیجن، وینٹی لیٹر ودیگر سہولتیں کتنی رقم میں دی جاتی ہیں، چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ علاج کرنا شوگر ملز جیسا منافع بخش کاروبار نہیں ہونا چاہیے، کسی غریب کی مدد کرنا سب کی ذمے داری ہے۔

عدالت نے تمام نجی اسپتالوں سے علاج کی فیس کی فہرست(ریٹ لسٹ) طلب کرلی، عدالت نے تمام نجی اسپتالوں کو تفصیلات آج تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں