شہباز شریف کی شوگر مل کے غیرقانونی نالے کیلئے جعلی عوامی سروے کا انکشاف

جعل سازی میں شوگر ملز کے 5 اعلیٰ افسران کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی ملے ہیں، نیب ذرائع


ویب ڈیسک December 13, 2018
غير قانونی سيوريج كے لئے جعلی سروے كا مقصد نيب كو گمراہ كرنا تھا، نیب لاہور :فوٹو:فائل

شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز كے غير قانونی نالے كے حق ميں جعلی عوامی سروے كرانے كا انكشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب لاہور میں زیرِتفتیش شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز کیس میں بڑی جعلسازی پکڑی گئی ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ شوگر ملز کے غیر قانونی نالے کے حق میں جعلی عوامی سروے کرایا گیا تھا اور اس مبینہ جعل سازی میں ملز کے 5 اعلیٰ افسران کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی ملے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے زیرتفتیش کیس کے حقائق مسخ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے اور کہا ہے کہ رمضان شوگر ملز كے بنائے گئے غيرقانونی نالے كے لئے جعلی سروے كا مقصد نيب كو گمراہ كرنا تھا، جعلسازی ميں ملوث رمضان شوگر ملز كے اعلیٰ افسران كو جلد نيب لاہور آفس طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مقامی شہری کی درخواست پرشوگر ملز كے غير قانونی نالے كے حق ميں جعلی سروے كے خلاف پوليس كارروائی بھی كرچکی ہے جب کہ جعلی سروے كرنے والی كمپنی كے اہلكاروں اور ديگر افراد كو گرفتار كركے ايف آئی آر بھی درج ہوچکی ہے، نيب نے رمضان شوگر مل كے حوالے سے ان ثبوتوں كو كيس كے ليے اہم قرار ديا ہے۔

مقبول خبریں