مصر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 16 جنگجو ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 19 فروری 2019
سیاحوں پر حملے کے بعد فوجی آپریشن مصر کے شہر العرش میں کیا گیا۔ فوٹو : فائل

سیاحوں پر حملے کے بعد فوجی آپریشن مصر کے شہر العرش میں کیا گیا۔ فوٹو : فائل

قاہرہ: مصر میں سیکیورٹی فورسز کے فوجی آپریشن میں 16 شدت پسند جنگجو اور 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔

مصر کے سرکاری اخبار الاہرام نے شمالی سینائی کے شہر العرش میں فوجی آپریشن کے دوران 16 شدت پسند جنگجوؤں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ شدت پسندوں کی جوابی فائرنگ سے 2 فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔

مصری حکام نے کامیاب آپریشن کے بعد اس علاقے سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کے مکمل خاتمے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ چند جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔

سیکیورٹی فورسز نے فوجی آپریشن کا آغاز گزشتہ روز قاہرہ کے سیاحتی علاقے میں ایک خود کش دھماکے میں 2 غیر ملکی سیاحوں اور پولیس اہلکار کی ہلاکت کے ردعمل میں کیا۔ قاہرہ میں سیاحوں پر حملے میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں دہشت گردوں کے سیاحوں کی بس پر حملے میں 4 سیاح ہلاک ہوگئے تھے جس کے جواب میں اگلے روز سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 40 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔