پی آئی اے نے مسافروں کے اضافی سامان کے چارجز دگنے کر دیے

ایک سے 20 کلو گرام تک کے اضافی وزن پر فکس چارجز وصول کیے جائیں گے


ویب ڈیسک April 07, 2019
اندرون ملک پروازوں پر فکس چارجز 5 ہزار روپے مقرر کردیے گئے (فوٹو: فائل)

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے پروازوں پر مسافروں کے اضافی سامان کے چارجز دگنے کردیے۔

ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن انتظامیہ نے مسافر کے لیے مقررہ وزن سے اضافی سامان کے دگنے چارجز کا اطلاق رواں ماہ سے کردیا ہے، جس کے تحت اندرون ملک پروازوں پر فکس چارجز 5 ہزار روپے مقرر کردیے گئے جو 1 سے 20 کلو گرام تک کے اضافی وزن پر وصول کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کے پرانے اضافی چارجز ایک سو روپے فی کلو گرام کے لگ بھگ تھے، ملک کی دیگر دو نجی ایئر لائنز سیرین اور ایئربلو کے اضافی سامان کے چارجز پی آئی اے کی نسبت 50 فیصد کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جرمن سفیر پی آئی اے کی کارکردگی کے معترف

موجودہ اضافے کے بعد پی آئی اے فکس چارجز کے تحت فی کلو گرام 250 روپے وصول کر رہی ہے، سیرین ایئر فی کلو گرام 115 روپے جبکہ ایئربلو نے فکس چارجز 2 ہزار مقرر کر رکھے ہیں۔

اضافی سامان پر مہنگے چارجز کے باعث قومی ایئر لائن کے ریونیو میں کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق فیول کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے باعث چارجز فکس کیے گئے ہیں، نجی ائیر لائنز کے مقابلے میں پروازوں کی زائد تعداد کے باعث نقصان کا اندیشہ نہیں ہے۔

مقبول خبریں