پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی فہرستوں کی تیاری سے معذرت کرلی

پنجاب حکومت کی معذرت کے بعد الیکشن کمیشن انتخابی فہرستیں تیار کرنے کےلئے مشروط طور پر رضا مند ہوگیا


ویب ڈیسک November 10, 2013
صوبہ سندھ کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لئے الیکشن کمیشن کو مثبت جواب دیا گیا ہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔ فوٹو؛فائل

پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کےلئے الیکشن کمیشن کی درخواست پر انتخابی فہرستوں کی تیاری سے معذرت کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ نئی حلقہ بندیوں سے انتخابی فہرستوں میں جو تبدیلیاں آرہی ہیں انہیں مد نظر رکھتے ہوئے نئی انتخابی فہرستیں تیار کرلیں تاکہ کم سے کم وقت میں یہ کام مکمل کیا جاسکے تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی تیاری کا کام صوبوں کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا ہے لہذا یہ کام خود ہی کیا جائے۔

پنجاب حکومت کے خط کے جواب میں الیکشن کمیشن انتخابی فہرستیں تیار کرنے کےلئے مشروط طور پر رضا مند ہوگیا ہے اور فہرستوں کی تیاری کے لئے پنجاب میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کو افرادی قوت اور دیگر دستیاب وسائل بھی فراہم کرنے کا کہا ہے تاکہ گھر گھر جاکر یہ کام مکمل کیا جائے۔ دوسری جانب صوبہ سندھ کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لئے الیکشن کمیشن کو مثبت جواب دیا گیا ہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔

مقبول خبریں