بھارتی گلوکار گپی گریوال کی ننکانہ صاحب آمد؛ عمران خان کے شکر گزار

ویب ڈیسک  منگل 21 جنوری 2020
گپی گیروال نے کرتارپور راہداری کھولنے پر پاکستانی حکومت کو سراہا ، فوٹو انسٹاگرام

گپی گیروال نے کرتارپور راہداری کھولنے پر پاکستانی حکومت کو سراہا ، فوٹو انسٹاگرام

ننکانہ صاحب: بھارتی پنجابی فلموں کے گلوکار گپی گریوال نے پاکستان آمد کے موقع پر پاکستانیوں کی جانب سے بھرپور مہمان نوازی اور محبت ملنے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بھارتی پنجابی گلوکار، اداکار و پروڈیوسر گپی گریوال اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نجی دورے پر پاکستان آئے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے گوردوارہ ننکانہ صاحب پر حاضری دی۔ گپی گریوال نے پاکستان آمد اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی سے متاثر ہوکر اپنے خوشگوار تجربے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا اور وزیراعظم عمران خان  اور سید زلفی بخاری کا شکریہ ادا کیا۔

https://twitter.com/GippyGrewal/status/1219213300787023872

ایک ویڈیو پیغام میں گپی گریوال نے کہا کہ انہیں پاکستان اور ننکانہ صاحب آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ یہاں پر جن سے بھی ملا سب بہت اچھے لوگ ہیں بلکہ اپنے بھائیوں کی طرح ہیں۔

حال ہی میں دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران گپی گریوال نے کہا کہ مجھے پاکستان آئے ہوئے صرف چند گھنٹے ہی ہوئے ہیں لیکن مجھے جو محبت اور عزت یہاں ملی اس کے باعث یہ وقت میرے لیے یادگار بن گیا ہے۔ کرتارپور راہداری کھولنے پر انہوں نے پاکستانی حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے بے حد شکرگزار ہیں کیونکہ ان کے اس کام سے تمام سکھ کمیونٹی بے حد خوش ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار گپی گیروال لاہور پہنچ گئے

گپی گریوال نے  کہا کہ انہیں پاکستانی فلمیں بہت پسند ہیں اور ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ ان کی پسندیدہ فلم ہے۔ فلم میں انہیں مہوش حیات کا کام بھی بے حد پسند آیا تھا اور مہوش حیات کے ساتھ فلم میں کام کرنا چاہیں گے۔ اپنے پسندیدہ گلوکار کے بارے میں بتاتے ہوئے گپی گیروال نے کہا کہ انہیں راحت فتح علی خان بہت پسند ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔