ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے دباؤ میں ہرگز نہیں آئیں گے، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  اتوار 26 جنوری 2020
حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا،وزیراعظم فوٹو: فائل

حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا،وزیراعظم فوٹو: فائل

 لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم ہرگز دباؤ میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی کریں گے۔

لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کی، اراکین نے وزیر اعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کو درپیش سماجی و ترقیاتی مسائل کے حل میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومت، انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کے مابین ایک مربوط اور موثر مکینزم کی اہمیت پر زور دیا اور اس ضمن میں صوبائی حکومت کو ہدایات جاری کیں۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ آپ لوگوں سے ملاقات کا مقصد عوام الناس کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مشکلات کا ادراک اور ان کے فوری حل کے لے ہدایات جاری کرنا ہے، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں، ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے، ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے ۔ یہ وہی عناصر ہیں جو گزشتہ دہائیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ جان بوجھ کر ہر روز افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاکہ جو مثبت انتظامی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان کو ناکام بنایا جائے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں۔ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم ہرگز دباؤ میں نہیں آئیں گے ۔ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا، روپے کی قدر مسلسل گر رہی تھی، ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، آج صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔ روپے کی قدر میں توازن آگیا ہے۔آج دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ ڈیووس میں جس طرح ہمیں پذیرائی ملی ہے اس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ، یووس میں دنیا کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد شریک ہوتے ہیں۔ ان سب نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع اور صلاحیت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔