وفاق اپنے اخراجات کم کرکے اضافی رقم صوبوں کو دے بلاول

وفاقی حکومت آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، جی 20 ممالک سمیت مختلف مالیاتی اداروں سے ملنے والے ریلیف کا فائدہ بھی صوبوں کو دے


Staff Reporter April 28, 2020
اٹھارویں ترمیم پر یہ کہہ دینا کہ صحت صوبوں کی ذمہ داری ہے صحیح نہیں کیوں کہ صوبے اپنی وسعت سے زیادہ کام کررہے ہیں (فوٹو : نیوز ایجنسی)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ این ایف سی کی مد میں سندھ کے حصے میں کٹوتی نہیں ہونے دیں گے، وفاقی حکومت آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، جی 20 ممالک سمیت مختلف مالیاتی اداروں سے ملنے والے ریلیف کا فائدہ بھی صوبوں کو دے، وفاق صوبوں کے فنڈز میں کٹوتی کے بجائے اپنے اخراجات کم کرکے اضافی رقم صوبوں کو دے۔

یہ بات انہوں ںے پیپلز پارٹی کی معاشی کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں میاں رضا ربانی، نوید قمر، شازیہ مری، چوہدری منظور اور دیگرنے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے معاشی ریلیف پیکیج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے بے روزگاروں کے لیے رقم 12 ہزار سے بڑھا کر کم سے کم 17 ہزار 500 روپے کرنے کا مطالبہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ غیر معمولی صورتحال میں وفاق کا فرض ہے کہ وہ صوبوں کی مدد کرے، پوری دنیا میں صوبوں کی مدد کے لیے وفاقی حکومتیں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، وفاق تمام صوبوں کی صحت کی سہولیات میں اضافہ کرے، اٹھارویں ترمیم پر یہ کہہ دینا کہ صحت صوبوں کی ذمہ داری ہے صحیح نہیں صوبے اپنی وسعت سے زیادہ کام کررہے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ این ایف سی کی مد میں کٹوتی نہیں ہونے دیں گے، وفاقی حکومت آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، جی 20 ممالک سمیت مختلف مالیاتی اداروں سے ملنے والا ریلیف کا فائدہ بھی صوبوں کو دے۔

مقبول خبریں