ایس او پیزجاری سائیکل سواروں کیلیے بھی ہیلمٹ لازمی قرار

سائیکل چلاتے وقت سیاہ یا گہرے رنگ کے لباس پہننے سے گریز کریں کہ سیاہ لباس میں رات میں آپ دوسروں کو واضح نظر نہیں آتے


Staff Reporter May 06, 2020
رات میں گہرے رنگ کا لباس پہننے پر سائیکل سوار دوسری گاڑیوں کو نظرآنے کیلیے ریفلیکٹیو میٹریل چسپاں کر لیں ۔ فوٹو : فائل

کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کورونا ایمر جنسی کے پیش نظر سائیکل سواروں کے لیے احتیاطی تدابیر اور محفو ظ اصول جاری کر دیے ہیں سائیکل سواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان پر عمل کریں جو عمل نہیں کریں گے ان کے خلاف ٹریفک قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کیے گئے ایس او پی میں کہا گیا ہے کہ سائیکل بھی ایک گاڑی ہے دوسری تمام گاڑیوں کی طرح اس پر بھی تمام ٹریفک قوانین عاید ہوتے ہیں لہذا وہ بھی محفوظ سائیکل چلانے کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کریں، ٹریفک سگنلز،ٹریفک اشاروں اور ٹریفک نشانات کے ذریعے دی گئی ہدایات پر عمل کریں کہا گیا ہے کہ سائیکل سواروں کیلیے لازمی ہوگا کہ وہ ہیلمٹ پہن کر سائیکل چلائیں،سائیکل سواروں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سائیکل پر سوار ہونے سے پہلے سائیکل کی حالت کو اچھی طرح چیک کریں،یقین کر لیں کہ ٹائر میں ہو ا ہو اور بریک ٹھیک کام کررہے ہوں اگر گروپ میں چلارہے ہیں تو سماجی فاصلہ رکھیں۔

رات میں سائیکل کے محفوظ اصول پر عمل کریں ،سائیکل چلاتے وقت سیاہ یا گہرے رنگ کے لباس پہننے سے گریز کریں کہ سیاہ لباس میں رات میں آپ دوسروں کو واضح نظر نہیں آتے،سفید یا چمک دار رنگ کا لباس پہنیں،سفید لباس پہنے والوں کو رات میں دیکھنا ممکن ہو تا ہے یا لباس پر کسی بھی قسم کا ریفلیکٹیو میٹریل چسپاں کر لیں تاکہ واضح طور پر دوسری گاڑیاں آپ کو دیکھ سکیں، سائیکل پر سامان رکھنے سے گریز کریں اگر سامان رکھنے کی محفوظ جگہ سائیکل کے پیچھے ہو تو محفوظ حد تک سامان رکھا جاسکتا ہے۔

یاد رکھیں کہ سڑک کی حالت اور سڑک پر بعض اشیا آپ کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے اس سے بچیں، سڑک پر گڑھوں، ٹوٹے شیشوں کے ٹکڑوں سے اور دیگر غیر محفوظ چیزوں سے بچیں جن سے پھسلنے کا خطرہ ہو،سائیکل چلانے کے محفوظ اصولوں پر عمل کریں، سڑک پر انتہائی بائیں جانب کم رفتار لین میں چلائیں ٹریفک کی مخالف رخ پر چلانا خطرناک ہے اس سے گریز کریں۔

مقبول خبریں