شہر بھر سے غیر قانونی آر او پلانٹس ختم کرنے کا حکم

نارتھ ناظم آباد بلاک این کی رہائشی عمارت سمیت شہربھرسے غیرقانونی آراوپلانٹس کیخلاف کارروائیوں کی 3ہفتے میں رپورٹ طلب


کورٹ رپورٹر October 07, 2020
آر او پلانٹ کی جانچ کرائی گئی نہ ہی متعلقہ ادارے سے اجازت نامہ لیا گیا،ہ۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کو نارتھ ناظم آباد بلاک این میں رہائشی عمارت سمیت شہر بھر سے غیر قانونی آر او پلانٹس ختم کرکے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو غیر قانونی آر او پلانٹس سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی سندھ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ڈائریکٹر لیگل فوڈ اتھارٹی پر برہمی کا اظہار کیا ، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہمیں رپورٹ نہیں چاہیے صرف کام چاہیے کام، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ کام کیوں نہیں کرتے؟

ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کورٹ کا آرڈر ملے گا تو ہم کارروائی کریں گے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ خود بھی کبھی کام کرلیا کریں،آپ صرف کورٹ کے آرڈر کے بعد ہی کام کرتے ہیں؟

عدالت نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی سے مکالمے میں کہا کہ ابھی آپ کو شوکاز جاری کردیں؟ ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ غیر قانونی آر او پلانٹس کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ جمع کرادیں گے۔

عدالت نے نارتھ ناظم بلاک این میں رہائشی عمارت سمیت شہر بھر میں قائم تمام غیر قانونی آر او پلانٹس کے خلاف کارروائی کرکے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے مزید سماعت 3 ہفتے کے لیے ملتوی کردی،دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رہائشی عمارت میں غیر قانونی طریقے سے آر او پلانٹ لگایا گیاہے۔

آر او پلانٹ کی نہ تو جانچ (انسپکشن) کرائی گئی ہے نہ ہی متعلقہ ادارے سے اجازت نامہ لیا گیا،ہیوی جنریٹرز کے شور کی وجہ سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

مقبول خبریں