کورونا پی ایس ایل کو پھر آنکھیں دکھانے لگا

اسپورٹس ڈیسک / اسپورٹس رپورٹر  منگل 10 نومبر 2020
لیگ سے منسلک ایک فرد ملک میں ہی وبا کا شکار،کراچی پہنچنے پرمثبت رپورٹ کے بعد ہوٹل میں آئسولیٹ۔ فوٹو: فائل

لیگ سے منسلک ایک فرد ملک میں ہی وبا کا شکار،کراچی پہنچنے پرمثبت رپورٹ کے بعد ہوٹل میں آئسولیٹ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  کورونا پی ایس ایل کو پھر آنکھیں دکھانے لگا جب کہ جیمز ونس کو بھی وائرس نے ملتان سلطانز کا حصہ بننے سے روک دیا۔

مارچ میں کورونا وائرس کے سر اٹھانے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کو ملتوی کرنا پڑا تھا جو اب رواں ماہ ری شیڈول کیا گیا ہے، مگر ایک بار پھر وائرس نے آنکھیں دکھانا شروع کردی ہیں۔

ٹائٹل جیتنے کی مضبوط امیدوار ٹیم ملتان سلطانز کو میدان میں اترنے سے قبل کورونا نے متاثر کرنا شروع کردیا، اس کے دوسرے غیرملکی کھلاڑی جیمز ونس بھی وائرس کا شکار ہوکر 14 نومبر سے شیڈول پلے آف سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ونس میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، دوسرا ٹیسٹ جلد ہوگا تاہم قانونی طور پر پہلے مثبت ٹیسٹ کے فوری بعد 10 روز کا قرنطینہ لازمی ہے۔ ان سے قبل ملتان سلطانز کے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر محمود اللہ بھی اسی وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل سے دستبردار ہوکر آئسولیٹ ہوچکے ہیں۔

ونس نے رواں برس لیگ کے ملتوی ہونے سے قبل 5 اننگز میں 155 رنز بنائے تھے، ان کے ایونٹ سے باہر ہونے کی تصدیق ہوتے ہی ملتان سلطانز کی جانب سے جوئے ڈینلی کا بطور متبادل انتخاب کیا گیا۔

اگرچہ کینٹ کاؤنٹی کے متبادل پاکستان آنے پر راضی ہوگئے مگر خود انھیں بھی اپنے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، منفی آنے کی صورت میں وہ فلائٹ پکڑیں گے تاہم پاکستان میں بھی انھیں 48 گھنٹوں کے دوران 2 مزید ٹیسٹ کروانا پڑیں گے۔ جیمز ونس نے بگ بیش ٹیم سڈنی سکسرز سے بھی معاہدہ کیا ہوا ہے، چونکہ آسٹریلوی ایونٹ میں ابھی کچھ وقت باقی ہے اس لیے شرکت متاثر ہونے کا امکان کم ہے۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز نے پی ایس ایل سیزن 5 کے لیگ راؤنڈ میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرکے ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی، ٹیم کو امید ہے کہ وہ پلے آف میں بھی بہتر پرفارمنس سے نہ صرف فائنل میں جگہ بنائے گی بلکہ ٹرافی پر بھی اپنا حق جتانے میں کامیاب رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں شریک ایک فرد کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی، پی سی بی کے مطابق مذکورہ فرد کو فوری طور پر ٹیم ہوٹل کے آئسولیشن روم میں منتقل کردیا گیا ہے،اس فرد نے اپنے گھر میں لیے گئے پہلے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے بعد کراچی کا سفر کیا تھا مگر یہاں پہنچنے کے بعد ٹیسٹ کی رپورٹ کا نتیجہ مثبت آگیا۔

مذکورہ  فرد کو فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے،اب مسلسل 2کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے تک انھیں آئسولیشن میں رہنا ہوگا، پی سی بی نے ان کا نام ظاہر نہیں کیا۔

یاد رہے کہ بورڈ فرنچائزز پر پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ اب کورونا کیسز پر لیگ نہیں رکے گی، پلیئرز کو آئسولیٹ کرتے ہوئے مقابلوں کو جاری رکھا جائے گا، متبادل کھلاڑیوں کا ایک پول بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔