ڈی جی نیب نے ملک بھر میں دہشت پھیلا رکھی ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

ویب ڈیسک  پير 30 نومبر 2020
ہمیں ڈی جی نیب کو ہٹانا پڑے گا اور ان کے خلاف قرار داد لانا پڑے گی، سلیم مانڈی والا۔ فوٹو:فائل

ہمیں ڈی جی نیب کو ہٹانا پڑے گا اور ان کے خلاف قرار داد لانا پڑے گی، سلیم مانڈی والا۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب نے ملک بھر میں دہشت پھیلا رکھی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو معلوم ہونا چاہیے کہ انکے لوگ کس طرح لوگوں کو کمروں میں بند کر کے ڈرا دھمکا رہے ہیں، ڈی جی نیب عرفان منگی نے ملک بھر میں دہشت پھیلا رکھی ہے، وہ کہتے ہیں کہ مجھے چیئرمین نیب بھی نہیں ہٹا سکتا، اگرڈی جی نیب چیئرمین سے بڑا طاقتور ہے تو یہ افسوسناک بات ہے، پھر ہمیں ڈی جی نیب کو ہٹانا پڑے گا اور ان کے خلاف قرار داد لانا پڑے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلیم مانڈوی والا کے نیب پر الزامات

سلیم مانڈی والا کا کہنا تھا کہ نیب کیخلاف جدوجد جاری رہے گی، تمام ارکان ساتھ ہیں، سینیٹ کا اجلاس بلانے کے ریکوزیشن جمع کروا رہے ہیں،  چیئرمین نیب سے ملاقات ہوئی انہوں نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اور ہراساں کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی کا بھی کہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا نے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب ارکان پارلیمنٹ کو نوٹس جاری کرنے میں قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے، نیب کی کارروائیاں قابل تشویش ہیں۔ جس پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے نیب راولپنڈی سےمتعلقہ کیس کا ریکارڈ فوری طلب کرلیا تھا اور کیس کا قانونی جائزہ لینے تک تاحکم ثانی مزید کارروائی روک دینے کا حکم دیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔