ملک میں لگنے والے شہری جنگلوں میں سب سے بڑا جنگل بنا دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 18 اپريل 2021
لگائے گئے درخت پرندوں، حشرات، تتلیوں کا مسکن اور معدوم چرند و پرند کی محفوظ آماجگاہ بن رہی ہے، شہزاد قریشی۔ فوٹو: فائل

لگائے گئے درخت پرندوں، حشرات، تتلیوں کا مسکن اور معدوم چرند و پرند کی محفوظ آماجگاہ بن رہی ہے، شہزاد قریشی۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کیبل نے ماحول کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے کارپوریٹ سیکٹرکے تحت پاکستان کے سب سے بڑے اربن فاریسٹ (شہری جنگل )کی بنیاد رکھ دی ہے۔

نوری آباد میں پاکستان کیبل کے مینوفیکچرنگ پلانٹ سے ملحقہ ڈھائی ایکڑرقبے پر 40 ہزار پودے لگادیے گئے ہیں جوکراچی میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد فراہم کریںگے۔

پاکستان کیبل کے سی ای او فہد کے چنائے نے اربن فاریسٹ کے ماہر شہزاد قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کیبل ایک ذمے دار کارپوریٹ ادارے کی حیثیت سے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کررہا ہے اور ان کوششوں کو طویل عرصے کے لیے نتیجہ خیز بنانے کے لیے اربن فاریسٹ لگایا ہے جوان کے والد کمال چنائے کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے،اربن جنگل ماحول کو بہتر بنانے میں معاون ہوگا۔

اربن فاریسٹ کے ماہر شہزاد قریشی نے کہا کہ بہت سے کاروباری ادارے اربن فاریسٹ لگانے میں دلچسپی رکھنے کے لیے ان سے رابطہ کرتے ہیں لیکن پاکستان کیبلز نے سوچ سے بڑھ کر عملی قدم اٹھایا اور ایک سال قبل درخت لگانے کا آغاز کیا جو اب تیزی سے نمو پا رہے ہیں۔

پاکستان کیبل کے ڈھائی ایکڑ رقبے پر55اقسام کے درخت لگائے گئے ہیں جوپرندوں، حشرات، تتلیوںکا مسکن بن رہے ہیں اور پاکستان میں معدوم ہونے والے درختوںاورچرند پرندکی محفوظ آماجگاہ بن رہی ہے، اب تک ملک بھر میں 22 اربن فاریسٹ لگ چکے ہیں جن میں سے 17 کراچی میں لگے ہیں اور پاکستان کیبل کے تحت لگنے والا اربن فاریسٹ اب تک ملک میں لگنے والے شہری جنگلوں میں سب سے بڑا جنگل ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔