آپ کی آواز میں شخصیت کے راز چھپے ہوسکتے ہیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 مئ 2021
ہماری آواز میں ہماری ذات کے کئی گوشے چھپے ہوسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

ہماری آواز میں ہماری ذات کے کئی گوشے چھپے ہوسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

کولون جرمنی: جرمن ماہرین نے ایک دلچسپ تحقیقی سروے میں کہا ہے کہ انسانی آواز کی لوچ، گہرائی، اتار چڑھاؤ اور پچ میں اس کی شخصیت کے بہت سے راز پوشیدہ ہوسکتےہیں۔

یونیورسٹی آف گوئٹنجن کے سائنسدانوں نے 2000 سے زائد افراد پر تحقیق کے بعد کہا ہے کہ آپ کی آواز میں شخصیت کے کچھ پہلو ضرور ہوسکتے ہیں۔ مثلاً دھیمی پِچ والی (گہری اور دھیمی) آواز کے لوگ دوسروں پر اثر ڈالنے والے، جلد گھلنے ملنے والے اور یہاں تک کہ جزوقتی جنسی روابط میں دلچسپی رکھنے والے ہوسکتےہیں۔ یہ تحقیق بہ یک وقت مرد و خواتین پر لاگو کی جاسکتی ہے۔

جرنل آف ریسرچ ان پرسنیلٹی میں شائع رپورٹ کے مطابق چار مختلف ممالک سے ہزاروں افراد کی آواز کے نمونے لیے گئے اور ان سے تفصیلی سوالنامے بھروائے گئے۔ اس کےبعد سافٹ ویئر کے ذریعے آواز کی مختلف کیفیات کا جائزہ لیا گیا۔ سوالات میں شرکا کے جنسی رحجان، روزمرہ برتاؤ اور شرمیلی یا بے باک شخصیت کے متعلق پوچھا گیا۔

تحقیقی سروے کی نگراں ڈاکٹر جولیا اسٹرن کہتی ہیں کہ ہم فون پر کسی سے بات کرتے ہیں تو آواز سن کر کسی کی عمر، جنس یہاں تک کہ اداسی اور خوشی کا اندازہ بھی لگاسکتے ہیں۔ اسی طرح ہم نے یہ جاننے کی کوشش بھی کی کہ آیا آواز سے انسان کے دیگر راز بھی ہوسکتے ہیں یا نہیں؟ ہماری تحقیق اگرچہ ابتدائی مراحل میں ہے لیکن یہ درست ہے کہ آواز میں شخصی معلومات کا خزانہ ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔