آر اے بازار کا دورہ خود کش حملے کی مذمت دہشت گردی پر قابو پائے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا عمران

حکومتی پالیسی نہ ہونے سے بیگناہ شہری آگ اورخون کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، نواز شریف پاکستان کوغلامی سے نہیں نکال سکتے


حکومت کی کوئی پالیسی نہیں،9سال سے آپریشن پر انحصار کیا جارہا ہے،عمران خان فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آر اے بازار میں پیر کی صبح ہونے والے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور دہشت گردی کے المناک واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور حکومت بالکل غیرفعال نظرآتی ہے۔

حکومت کی کوئی پالیسی نہیں،9سال سے آپریشن پر انحصار کیا جارہا ہے، 6 ستمبرکوکل جماعتی کانفرنس میں قومی قیادت کی جانب سے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی ذمے داری سونپے جانے کے بعد حکومت نے اس ضمن میں اب تک کوئی قابل ذکر اقدام نہیں اٹھایا جس کے نتیجے میں بے گناہ اور معصوم شہری آگ اورخون کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پختونخوا حکومت کی متعدد درخواستوں کے باوجود وزیراعلیٰ کو ملاقات کا وقت نہ دیے جانے پر انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم اگر دہشت گردی کے سب سے زیادہ شکار ہونے والے صوبے کے سربراہ سے ملاقات کیلیے وقت نہیں نکال سکتے تو نہ جانے ان کی ترجیحات کیا ہیں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ سے زیادہ انھیںکیاچیز زیادہ عزیزہے۔ راولپنڈی دھماکے کے شہدا کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے دہشت گردی ہی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ دہشتگردی پرقابوپائے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، دہشتگردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلیے تحریک انصاف پالیسی بنائے گی۔



اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف نے راولپنڈی کے اسپتالوں میں زیرعلاج آر اے بازاردھماکے کے زخمیوںکی عیادت کی اوران کیلیے دعائے صحت کی۔ انھوں نے واقعے کی تحقیقات اورذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بعدازاں عمران خان نے مرکزی اور مقامی قیادت کے ہمراہ بوہرہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور سیدنابرہان الدین کی رحلت پر تعزیت کااظہارکیا۔ این این آئی کے مطابق خوشاب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 11 مئی کو دھاندلی کرنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایاجائے گا، بھیک مانگنے اور قرضہ لینے والوں کی عزت نہیں ہوتی، وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کوغلامی سے نہیں نکال سکتے، امریکی وزیر دفاع مجھے دھمکی دے کر جاتے تو طبیعت درست کردیتا، پختونخوا کی بجلی کا نظام ہمارے حوالے کردیا جائے توصوبے میں بجلی کی قیمت20 فیصد کم کردی جائے گی۔ آن لائن کے مطابق قائد آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ اﷲ نے مجھے ہمت دی توملک کو امریکی غلامی سے نکالوں گا۔

مقبول خبریں