نازیہ کو زہر دیا گیا مرنے سے قبل اس نے خود بتایا تھا، زوہیب حسن کا انکشاف

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اگست 2021
گلوکار زوہیب حسن اور ان کی ہمشیرہ گلوکارہ نازیہ حسن کی ایک یادگار تصویر (فائل : فوٹو)

گلوکار زوہیب حسن اور ان کی ہمشیرہ گلوکارہ نازیہ حسن کی ایک یادگار تصویر (فائل : فوٹو)

 کراچی: گلوکار زوہیب حسن نے انکشاف کیا ہے کہ نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے انہیں زہر کھلایا اور برا سلوک کرتے رہے دوسری جانب سابق شوہر اشتیاق بیگ نے الزامات کو مسترد کردیا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے زوہیب حسن نے کہا کہ نازیہ کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے گلوکارہ کو برطانیہ میں قیدی بنا کر رکھا اور ان سے برا سلوک کرتے تھے، اشتیاق بیگ نے نازیہ کو زہر آلود کھانا دیا اور یہ بات نازیہ نے مرنے سے قبل خود اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بتائی۔

زوہیب حسن نے کہا کہ نازیہ حسن نے اشتیاق بیگ کے مظالم سے تنگ آکر طلاق لی، اشتیاق بیگ سے نازیہ کی شادی کروانا سب سے بڑی غلطی تھی۔

زوہیب کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، اشتیاق بیگ

دوسری جانب اشتیاق بیگ نے نجی نیوز ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار زوہیب حسن کے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ 21 سال بعد زوہیب حسن جو باتیں کر رہے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔

اشتیاق بیگ نے کہا کہ نازیہ حسن میری محبت تھی اور میں نے کینسر کے باوجود اس سے شادی کی، ہمارے درمیان مسائل تب شروع ہوئے جب نازیہ نے گلوکاری چھوڑ دی جس سے اس کے بھائی زوہیب کا کیریئر تباہ ہوا، نازیہ کے جانے کے 21 سال بعد بھی میں نے شادی نہیں کی۔

نازیہ حسن کے سابق شوہر نے کہا کہ اگر یہ تمام باتیں سچ تھیں تو آج 21 سال بعد انہیں کیوں خیال آیا؟ میرے پاس برطانیہ کا سرٹیفکیٹ موجود ہے جس میں صاف لکھا ہے کہ نازیہ کا انتقال کینسر کے باعث ہوا اور وہ اس وقت بھی میری اہلیہ تھیں۔

انہوں نے کہا کہ نازیہ اگر اولاد کی ضد نہ کرتیں تو شاید آج زندہ ہوتیں، میں پورے علاج کے دوران ان کے ساتھ رہا اور تمام اخراجات برداشت کیے، نازیہ کی وفات سے قبل بچے کی حوالگی کے لیے ان کے والد نے مجھ سے ایک ملین پاونڈ مانگے جس پر میں نے برطانوی عدالت سے رجوع کیا، میں بچے کی لندن میں پرورش کے لیے تیار نہ تھا لیکن نازیہ کی والدہ نے بچے کی پرورش کی ذمہ داری اٹھائی اور عدالت نے بچہ ان کے حوالے کر دیا۔

اشتیاق بیگ نے کہا کہ زوہب حسن عشرت العباد کے ایڈوائزر رہ چکے ہیں، انہیں 1 ملین پاؤنڈ نہیں ملے اس لیے مجھ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، میں ان سے بلیک میل ہونے والا نہیں، پاکستان آکر زوہیب کے الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا اور ان پر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کروں گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن 2000ء میں 35 سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض کے سبب انتقال کر گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔