رحیم یارخان میں گیس پائپ لائنوں کی مرمت دوسرے روز بھی جاری اکثرعلاقوں میں آج بحالی کا امکان

80 فیصد گھریلو صارفین کو صبح 11 بجے تک گیس کی فراہمی کھول دی جائے گی، عارف حمید


ویب ڈیسک February 11, 2014
باقی 2 پائپ لائنوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے جو اگلے 2 روز تک مکمل ہو جائے گا، ایم ڈی سوئی ناردرن۔ فوٹو؛ ایکسپریس

ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید نے کہا ہے کہ رحیم یارخان میں دھماکے سے تباہ کی گئی 36 انچ قطر گیس پائپ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور آج 80 فیصد صارفین کو گیس کھول دی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے سے بات کرتے ہوئے ایم ڈی سوئی ناردرن کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان میں دھماکے سے تباہ کی گئی 3 پائپ لائنوں میں سے 36 نچ قطر کی پائپ لائن کا مرمتی کام مکمل ہو چکا ہے، 80 فیصد گھریلو صارفین کو صبح 11 بجے تک گیس کی فراہمی کھول دی جائے گی جبکہ باقی 2 پائپ لائنوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے جو اگلے 2 روز تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی جاری کر دی جائے گی۔

عارف حمید کا کہنا تھا کہ گیس پائپ لائنیں تباہ کرنا انتہائی بزدلانہ کارروائی اور کھلی دہشت گردی ہے، گیس پائپ لائن دھماکے کی انکوائری کے لئے 2 کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جو آئندہ 4 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کر دیں گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل رحیم یار خان کے نواحی علاقے رکن پور میں3 گیس پائپ لائنوں کو دھماکہ خیر مواد کی مدد سے اڑا دیا گیا تھا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور قریبی بستی کھمبڑہ کو لپیٹ میں لے لیا، آگ سے جھلس کر ایک خاتون جاں اور 50 مویشی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔ آگ کے بعد پجناب کے مختلف شہروں میں گیس کی فراہمی بھی معطل ہو گئی تھی جس سے صوبے میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا تھا۔

مقبول خبریں