سندھ کابینہ نے کوآپریٹیو اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 2 فروری 2022
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی—فائل فوٹو

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی—فائل فوٹو

 کراچی: حکومت سندھ نے سانحہ بولٹن مارکیٹ کے طرز پر سانحہ کوآپریٹو و ویکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے  کہا کہ سندھ کابینہ نے سانحہ کوآپریٹو مارکیٹ اور سانحہ وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی ہے اور انہیں بھی سانحہ بولٹن مارکیٹ کے طرز پر معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں انہوں نے کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق بتایا کہ سندھ حکومت صوبے میں رواں برس گندم کی 14 لاکھ ٹن کی پروکیومنٹ یکم مارچ سے شروع کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے اور جب تک آئندہ بلدیاتی انتخات نہیں ہوجاتے ٹاونز پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔

صوبائی وزرا نے کہا کہ نئے بلدیاتی الیکشن تک ڈسڑکٹ کونسل اور ڈی ایم سیز برقرار رہیں گی جبکہ سندھ کابینہ نے ان اطلاعات پر کہ اسٹیل ملزکی زمین سوئی سدرن گیس کو ان کے بقایاجات کی مد میں دے رہی ہے، شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پولیس کے لیے پستول کی خریداری کے لیے آئی جی کومزید تفصیلات فراہم کرنے اور مارکیٹ میں پرائس چیک کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔