جامعہ کراچی نئے انتظامی بلاک اور پبلک ایڈمنسٹریشن کی عمارت کی تعمیر مکمل

وائس چانسلرسیکریٹریٹ نصف صدی بعد آئندہ ماہ نئی عمارت میں منتقل ہوجائیگا،گورنرسندھ جمعہ کو عمارتوں کا افتتاح کریں گے۔


Safdar Rizvi September 12, 2012
دفاترموجودہ انتظامی عمارت میں1961کومنتقل ہوئے تھے،سلورجوبلی گیٹ پرجدیدطرز کے دروازے کاڈیزائن تیارکرلیا گیا،ڈاکٹرقیصر : فوٹو: فائل

جامعہ کراچی میں نئے انتظامی بلاک اور شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی عمارت کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔

نئے انتظامی بلاک کی تعمیر کے بعد جامعہ کراچی کے وائس چانسلرسیکریٹریٹ سمیت دیگر انتظامی دفاتر نصف صدی کے بعد نئی عمارت میں آئندہ ماہ منتقل ہوجائیں گے ۔

ان عمارتوں کا افتتاح صوبے کی سرکاری جامعات کے چانسلراورگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان جمعہ کوکریں گے ، جامعہ کراچی کی نئی انتظامی عمارت اورشعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی عمارت کی تعمیر پرمجموعی طور پر119ملین روپے کی لاگت آئی ہے ۔

تین منزلوں پر مشتمل نئی انتظامی عمارت 44 ہزار اسکوائرفٹ کے رقبے پرتعمیرکی گئی ہے جس کی تعمیر پر64ملین روپے کی رقم خرچ کی گئی ہے جبکہ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی عمارت50ہزاراسکوائرفٹ کے رقبے پرتعمیر کی گئی ہے جس کی تعمیرمیں 55ملین روپے خرچ کیے گئے ہیں،یاد رہے کہ جامعہ کراچی 18جنوری 1961کواپنے موجودہ کیمپس میں منتقل ہوئی تھی اورجنوری 1961سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ سمیت یونیورسٹی کے دیگرانتظامی دفاتر اسی عمارت کے کشادہ کمروں میں قائم ہیں اس سے قبل 19 جنوری 1957کواس وقت کے صدر پاکستان جنرل اسکندرمرزانے جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔

جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے اپنے دورسربراہی میں جامعہ کراچی کی نئی انتظامی عمارت کی تعمیر شروع کروائی تھی جس کے لیے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی جانب سے فنڈفراہم کیے گئے تھے تاہم مسلسل دومدتوں کے لیے 8سال تک وائس چانسلررہنے کے بعدڈاکٹرپیرزادہ قاسم نے تیسری بار وائس چانسلرکا عہدہ لینے سے معذرت ظاہرکی تھی جس کے بعدپروفیسرڈاکٹرمحمدقیصر کو جامعہ کراچی کا وائس چانسلرمقرر کیا گیاجن کا دفتراب نئی عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمدقیصرنے منگل کو مذکورہ عمارتوں کے دورے کے موقع پر ''ایکسپریس''سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ نئی انتظامی عمارت میں وائس چانسلر سیکریٹریٹ، رجسٹراراورڈپٹی رجسٹرارکے دفاتر،پبلک اور دفتر تعلقات عامہ سمیت دیگرانتظامی دفاترمنتقل کردیے جائیں گے۔

انھوں نے بتایاکہ جامعہ کراچی کے سلورجوبلی گیٹ پر نئے اورجدیدطرز کے مرکزی دروازے کاڈیزائن تیارکرلیا گیا ہے جس کی تعمیر سے قبل گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان جمعہ کواس کاسنگ بنیاد رکھیں گے۔

مقبول خبریں