عام انتخابات؛ پی ٹی آئی کا 135 سے زائد حلقوں میں امیدوار تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 6 اپريل 2022
عوامی رابطہ مہم میں منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسے کیے جائیں گے۔ فوٹو:فائل

عوامی رابطہ مہم میں منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسے کیے جائیں گے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پی ٹی آئی کا 135 سے زائد حلقوں میں امیدوار تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف 135 سے زائد حلقوں میں امیدوار تبدیل نہیں کرے گی، اور تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے والے ارکان کو آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹس دینے پر اتفاق ہوا ہے، جب کہ منحرف ارکان کے حلقوں میں متبادل امیدواروں کے لیے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں انتخابی اتحاد سے متعلق بھی غور کیا گیا، تاہم بعض ممبران نے انتخابات میں کسی سے بھی اتحاد نہ کرنے کا مشورہ دیا، اور انتخابی اتحاد سے متعلق فیصلے پر مزید مشاورت اور تمام انتخابی حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جب کہ  چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے  ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم پر بھی مشاورت کی، اور فیصلہ ہوا کہ عوامی رابطہ مہم میں منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسے کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔