پاک آرمی کے ساتھ صحت مند تعلقات جاری رہنے کی توقع کرتے ہیں، پینٹاگون

ویب ڈیسک  بدھ 13 اپريل 2022
عمران خان کے الزام پر تبصرہ نہیں کروں گا، جان کربی (فوٹو: فائل)

عمران خان کے الزام پر تبصرہ نہیں کروں گا، جان کربی (فوٹو: فائل)

 واشنگٹن: پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکا کے پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ ایک صحت مند ملٹری ٹو ملٹری تعلقات ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یہ تعلقات جاری رہیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے میں پاکستان کے کلیدی کردار اور دہشت گردی کی جنگ میں قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ پاکستانی عوام خود اپنے ملک میں دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں۔

جان کربی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے اس خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے مفادات کا اشتراک کیا۔

سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے امریکا پر ان کی حکومت گرانے کے الزام سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں پینٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ میرے خیال میں آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم پاکستان کے اندر ملکی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

یہ خبر پڑھیں : امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف 

خیال رہے کہ پینٹاگون کے ترجمان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے نئے وزیراعظم کے طور پر حلف اُٹھایا ہے اور امریکا سے دیرینہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے پاکستان میں وزیراعظم کی تبدیلی پر کہا تھا کہ ایک جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔