ملک میں بجلی کے شارٹ فال کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 12گھنٹے تک پہنچ گئی

بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 310 جبکہ بجلی کی کل طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے


ویب ڈیسک May 31, 2022
شہری علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

ISLAMABAD: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار500 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا جس کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔

توانائی ڈویژن کے ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگاواٹ جبکہ مجموعی پیداوار صرف 19 ہزار310 میگاواٹ ہے۔

پانی سے 4 ہزار 855 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار205 جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 323 میگاواٹ ہے، اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس 1ہزار398، سولر پلانٹس سے 111 اور بگاس سے چلنے والے پلانٹس 164 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جوہری ایندھن سے 2ہزار 254 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شہری علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے کی بجلی کی بندش سے عوام سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے