اب کوئی جتھا اسلام آباد ڈی چوک نہیں آسکتا وزیر داخلہ

فسادی ٹولے کو میرا پیغام ہے کہ اب نئی آنسو گیس خرید لی ہے، رانا ثنا اللہ


ویب ڈیسک July 02, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

LAGOS: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ایک ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف نے تگنی کا ناچ نچا دیا، قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔

اسلام آباد میں شہدا پولیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک ارب ڈالر کے لئے آئی ایم ایف نے تگنی کا ناچ نچا دیا۔ ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا لازمی تھا۔ آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ کیا گیا جو خامیوں سے بھرپورتھا اور شرائط بھی صحیح نہیں تھیں۔

رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ کوشش کی پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑیں۔ یہ بھی سوچا کہ قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن الیکشن میں جاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔ پاکستان کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال ساری قیادت کے مل بیٹھ کربات کرنے سے حل ہوگی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے صرف فرح گوگی اوراحسن گجر کی تقدیر بدلی۔ ملک کے لیے کچھ کرسکتے تو چار سالوں میں کرلیتے۔ ایک شخص کے علاوہ سب اکٹھے ہیں۔ ایک شخص ہرایک کو گالی دیتا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جس شخص کی آنکھ کے اشارے سے ملک ہل جاتا تھا آج وہ خود ہل بھی نہیں سکتا۔ شہدا کی قربانی قوموں کی تقدیر کو بدلتی ہے۔ شہید کا قرض تو پوری قوم پر ہوتا ہے۔

بعد ازاں سیف سٹی منصوبے کے دورے کے بعد وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی شہر کے صرف 30 فیصد علاقے کو کور کرتا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سیف سٹی کی کوریج کو 100 فیصد کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سیف سٹی کے لیے 40 ملین روپے کی گرانٹ جاری کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 1 ارب 22 کروڑ روپے کے فنڈ سے شہدائے پولیس کی فیملیز کے بقایاجات بھی جاری کر رہے ہیں ۔ شیخ رشید صبح شام پریس کانفرنس کرتے تھے لیکن شہدا کی فیملیز کا خیال نہیں آیا ۔ میں شہدا کے خاندانوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں تکلیف اٹھانی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد پولیس کو 100 بیڈ کا اسپتال دے رہے ہیں اس کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔اس مقصد کے لیے بھی فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف جلد پولیس اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اسلام آباد پولیس کا بڑا مطالبہ تھا کہ پنجاب پولیس کے برابر تنخواہ ہونی چاہیے۔ یہ مطالبہ پورا کردیا گیا ہے۔ ایف سی پولیس کی تنخواہیں بھی کے پی پولیس کے برابر کر دی گئیں۔ ایف سی جوانوں کے راشن الاؤنس میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد پولیس نے خفیہ اداروں کے ساتھ مل کر بدنام زمانہ ڈاکو بلال کو ہلاک کیا،آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کو انعامات دیے گئے۔

پی ٹی آئی کے جلسے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو فسادی ٹولے نے اسلام آباد پر حملہ کیا جسے اسلام آباد پولیس ،ایف سی اور رینجرز کے جوانوں نے پسپا کیا، اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

فسادی ٹولے پر صرف آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کی گئیں۔ ان کا گلہ تھا کہ آنسو گیس ایکسپائر ہے، وہ پچھلے وزیر داخلہ نے خریدے تھے ۔ میرا فسادی ٹولے کو پیغام ہے کہ اب آنسو گیس نئی خرید لی گئی ہے، ان کا شکوہ ختم کر دیا ہے ۔ ہم نے نظام بنایا ہے جس سے اب کوئی بھی جتھا اسلام آباد ڈی چوک نہیں آ سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں