ایڈہاک نرسوں کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج آٹھویں روز بھی جاری ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ پنجاب حکومت کی جانب سے انہیں مستقل کئے جانے تک دھرناختم نہیں کریں گی۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے لاہور میں احتجاجی نرسوں کے لئے تین سالہ کنٹریکٹ کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد نرسوں کے ایک گروپ نے اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے اسپتالوں میں فرائض کی انجام دہی شروع کردی ہے تاہم دوسرا گروپ اب بھی دھرنے پر بیٹھا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ان سے جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں وہ اپنا احتجاج اسی وقت ختم کریں گی جب ان کی مستقلی کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائےگا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق حکومت ایڈہاک نرسوں کو براہ راست مستقل ملازمت نہیں دے سکتی، وزیراعلیٰ پنجاب ایڈہاک نرسوں کی ملازمت کو تحفظ دینے کا اعلان کرچکے ہیں، جس کے تحت نرسوں کو 3 سال کے کنٹریکٹ کے بعد مستقل کردیا جائے گا۔