پاکستان اور بھارت کے چند لوگوں کی نفرت کو محبت سے دورکیا جا سکتا ہے اوم پوری

اوم پوری میں پاکستانیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے جس کا انھیں آج پتہ چلا ہے، چوہدری شجاعت


ویب ڈیسک March 16, 2014
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی کھڑ کیاں کھلی ہیں اگر دروازے بھی کھل جائیں تو عوام کیلئے آنا جانا آسان ہو جائے، اوم پوری

بالی وڈ اداکار اوم پوری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں چند لوگ ایسے ہیں جو ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں لیکن ان لوگوں کی نفرت کو محبت سے دور کیا جاسکتا ہے۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہی سے ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی کھڑ کیاں کھلی ہیں لیکن اگر دروازے بھی کھل جائیں تو دونوں ممالک کی عوام کے لئے آنا جانا آسان ہو جائے اور لوگوں کی مشکلا ت کم ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمان بستے ہیں جن کے رشتہ دار پاکستان میں ہیں اور اسی طرح پاکستان میں موجود ہندو اور سکھ برادری کے رشتہ دار بھی بھارت میں ہیں لیکن تعلقات میں سرد مہری ہونے کی وجہ سے ان لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، دونوں ممالک میں چند لوگ ہیں جن کے دلوں میں نفرت ہے جسے محبت سے دور کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہی نے اوم پوری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک ک فنکار تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا اوم پوری میں پاکستانیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے جس کا انھیں آج پتہ چلا ہے۔

مقبول خبریں