پیس اٹیک کو بیٹری چارج کرنے کا موقع مل گیا

پریکٹس سیشن میں نسیم شاہ، حارث رئوف اور شاہنواز دھانی نے شرکت نہیں کی


Saleem Khaliq August 31, 2022
دیگرکی بھرپور مشقیں،ہانگ کانگ سے میچ میں 1 یا2 پیسرز کو آرام دینے پر غور۔ فوٹو :پی سی بی

پیس اٹیک کو بیٹری چارج کرنے کا موقع دے دیا گیا جب کہ گزشتہ روز پریکٹس سیشن میں نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہنواز دھانی کو آرام دیا گیا۔

ایشیا کپ میں بھارت سے پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہارنے والی پاکستانی ٹیم نے پیر کو مکمل آرام کیا،اگلا مقابلہ جمعے کو کوالیفائر ہانگ کانگ سے ہونا ہے، گرین شرٹس گذشتہ شام آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں پریکٹس کیلیے پہنچے، روایتی حریف کیخلاف میچ کھیلنے والے تینوں فاسٹ بولرز کو آرام دیا گیا۔

نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی، پہلے میچ میں کریمپس پڑنے پر نسیم بڑی مشکل سے چوتھا اوور مکمل کر پائے تھے،حارث بھی پریشان دکھائی دیے،البتہ شاہنواز دھانی کو کوئی مسائل نہیں ہوئے تھے، سخت گرمی میں پاکستانی کرکٹرز خصوصا بولرز پریشان نظر آئے۔

مزید پڑھیں: بھارت کیخلاف میچ میں بابراعظم نے کیا غلطی کی، وسیم اکرم نے بتادیا

دوسری جانب بھارتی ٹیم میں کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہوا تھا،ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کمزور حریف کے خلاف میچ میں بطور احتیاط نسیم شاہ کو ریسٹ دیتے ہوئے محمد حسنین یا حسن علی میں سے کسی کو آزمانے کا فیصلہ کرسکتی ہے،اگر حارث کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا تو یہ دونوں پیسرز کھیلیں گے۔

آئی سی سی اکیڈمی کا رخ کرنے والے کرکٹرز نے دوسرے میچ کی تیاری کیلیے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،پہلے میچ میں آسانی سے وکٹیں گنوانے والے بیٹرز نئی اور پرانی گیندوں پر بھرپور پریکٹس سے اعتماد بحال کرنے کیلیے کوشاں نظر آئے،بابر اعظم،محمد رضوان اور فخرزمان نے طویل سیشن کیے،افتخار احمد، خوشدل شاہ اور آصف علی نے بھی اسٹروکس بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھی۔

مزید پڑھیں: کیا بابراعظم ٹی20 ورلڈکپ تک پہلی پوزیشن برقرار رکھ سکیں گے؟

شاداب خان اور محمد نواز نے بیٹنگ پریکٹس کے ساتھ اسپن بولنگ سے بھی بیٹرز کیلیے مشکلات پیدا کیں،حسن علی اور محمد حسنین نے لائن و لینتھ پر توجہ دیتے ہوئے چھوٹے اسپیلز کروائے، دونوں نے بولنگ کوچ شان ٹیٹ کی رہنمائی میں باؤنسرز اور یارکرز میں مہارت بہتر بنانے کی کوشش بھی کی۔

مقبول خبریں