وزیرِاعظم شہباز شریف کی قازقستان میں آذر بائیجان کے صدر سے ملاقات

ویب ڈیسک  بدھ 12 اکتوبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

استانہ: وزیرِ اعظم شہباز شریف (CICA) سیکا کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر قازقستان پہنچ گئے، جہاں اُن کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سیکا کے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر قازقستان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ایشیاء میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات پر کانفرنس  Conference on Interaction and Confidence Building Measures in Asia (CICA) کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام پر مشتمل وفد وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج اجلاس سے خطاب کریں گے، وہ مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایشیا بھر کے ممالک کے درمیان بات چیت، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد فورم کے طور پر سیکا کی اہمیت کو واضح کریں گے۔

وزیراعظم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کو بھی اجاگر کریں گے، سربراہی اجلاس کے موقع پر، وزیر اعظم مختلف سیکا رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن کا مقصد ان ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

سیکا سربراہی اجلاس، آذربائیجان کے صدر کی وزیراعظم سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امور کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ائی ٹی، سیکورٹی، زراعت، رابطے اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے آذربائیجان کے صدر کو پاکستان میں سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کھڑی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان سے خوراک کی قلت کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس خطرے سے بچنے کے لئے یوریا کی درآمد ضروری تھی۔

اعلامیے کے مطابق آذربائیجان کے صدر نے سیلاب متاثرین کیلیے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر پر آذربائیجان کے موقف اور او آئی سی رابطہ گروپ میں فعال کردار کو سراہا۔

وزیر اعظم نے نگورنو کاراباخ پر آذربائیجان کے لئے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا اور  دیرپا اور پائیدار امن کے لیے صدر الہام علیوف کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر اعظم کا توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں کا دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے تعاون پر تیز رفتار بات چیت پر اتفاق کیا اور پھر میاں محمد شہباز شریف نے آذری صدر کو اسلام آباد میں قیادت کی سطح پر مشاورت کی پیشکش بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔