اسلام آباد: تاجر برادری نےلانگ مارچ کی مخالفت کردی

ویب ڈیسک  پير 17 اکتوبر 2022
فوٹو: اسکرین گریب

فوٹو: اسکرین گریب

 اسلام آباد: تاجر برادری نے لانگ مارچ کی مخالفت کرتے ہوئے اسلام آباد کو احتجاج فری شہر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ  لانگ مارچ اور دھرنوں سے اسلام آباد کی معیشت اور کاروبار تباہ ہونے کا خطرہ ہے،لانگ مارچ سے اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی مفلوج ہو جائے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد نے اس حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے خصوصی ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو احتجاج فری شہر قرار دینے کیلئے پارلیمنٹ میں بل لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت پر سیاسی دھاوے بولنے سے سفارتی کمیونیٹی بھی شدید اضطراب کا شکار ہوتی ہے،اس  حوالے سے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔احتجاج کیلئے اسلام آباد سے باہر کوئی جگہ مختص کی جائے۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ 2014 کے 126 دنوں کے دھرنے سے اسلام آباد کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ ملاقات کے دوران تاجر برادری نے شاہراہوں پر رکھے کنٹینرز فوری ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور کاروباری افراد کے تحفظ کیلئے تمام قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔