’متنازع‘ پریس کانفرنس؛ فیصل واؤڈا کی پارٹی رکنیت معطل

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے فیصل واؤڈا کو پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق متنازع بیان پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شوکاز نوٹس کا عکس بھی شیئر کردیا۔

 

فیصل واؤڈا کا بیان پارٹی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا، اسد عمر

اس سے قبل پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ فیصل واؤڈا کا بیان پارٹی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا اور چیئرمین پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر کو شوکاز سے متعلق ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے مزید کا کہ عمران خان نے علی زیدی کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر فیصل واؤڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کو کہا ہے۔

 

علی زیدی کا فیصل واؤڈا پرلانگ مارچ برباد کرنے کا الزام

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما آمنے سامنے آگئے، پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے فیصل واؤڈا پر لانگ مارچ برباد کرنے کا الزام عائد کردیا۔

علی زیدی کی جانب سے بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب فیصل واؤڈا نے اسلام آباد میں سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق پریس کانفرنس اور کہا کہ مجھے اس مارچ میں خون ہی خون اور جنازے نظر آ رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں: ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں تیار ہوئی، فیصل واؤڈا کا دعویٰ

بعدازاں علی زیدی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ فیصل واؤڈا نے ہماری لانگ مارچ برباد کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی وی سمیت تمام چینلز نے یہ پریس کانفرنس نشر کی ہے جس سے یہ واضح ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے اسے لانچ کیا ہے۔

علی زیدی نے مزید کہا کہ فیصل واؤڈا کی پریس کانفرنس کا کوئی مطلب نہیں ہے جب عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ سب کو پرامن رہنا ہے تو پھر اس کی پریس کانفرنس کا کیا وزن رہ جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔