سعودی فٹبال ٹیم کے کپتان انجری کے باعث ورلڈکپ سے باہر

ویب ڈیسک  اتوار 27 نومبر 2022
سلمان الفراج ارجنٹائن سے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے، فوٹو: فائل

سلمان الفراج ارجنٹائن سے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے، فوٹو: فائل

دوحا: سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے کپتان سلمان الفراج انجری کے باعث ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے اسٹار فٹبالر اور قومی ٹیم کے کپتان سلمان الفراج ارجنٹائن کے خلاف میچ میں آخری لمحات میں شدید زخمی ہوگئے جس کے باعث وہ ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔

انجری کے باعث فٹبال ٹیم کے کوچ ہیرو رینارڈ نے کپتان سلمان الفراج کو قطر میں جاری اگلے میچ کے تربیتی کیمپ سے رخصت دیدی۔ میڈیکل ٹیم نے بھی معائنے کے بعد سلمان الفراج کو ورلڈ کپ کے آئندہ میچز کے لیے فٹ قرار نہیں دیا۔

ٹوئٹر پر سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ سلمان الفراج زخمی ہونے کے بعد اب مکمل بحالی کے پروگرام سے گزریں گے۔

کپتان سلمان الفراج ارجنٹائن کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کو تاریخی فتح دلوانے میں کامیاب رہے تھے تاہم انجری کا شکار ہوگئے تھے، ان کی پنڈلی کی ہڈی میں چوٹ آئی تھی جس کی وجہ سے وہ کھیل چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ کپتان سلمان الفراج اس سے قبل کندھے کی انجری کا بھی شکار تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔