پرچم سے اللہ کا نام ہٹانے پر ایران کا امریکی فٹبال ٹیم کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  پير 28 نومبر 2022
ایرانی اعتراض پر امریکی ٹیم نے سوشل میڈیا پوسٹ کو ڈیلیٹ کرکے درست پرچم والی پوسٹس شیئر کردی

ایرانی اعتراض پر امریکی ٹیم نے سوشل میڈیا پوسٹ کو ڈیلیٹ کرکے درست پرچم والی پوسٹس شیئر کردی

دوحہ: ایرانی فٹبال فیڈریشن نے امریکی ٹیم کی جانب سے ایرانی پرچم میں اللہ کا نام ہٹانے پر فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا سے شکایت کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان کل منگل کو میچ ہوگا۔ امریکی فٹ بال فیڈریشن نے اپنے انسٹاگرام پیج پر اس میچ کے حوالے سے پوسٹ کی جس میں ایرانی پرچم سے اللہ کا نشان ہٹادیا۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فیفا سے شکایت کرتے ہوئے امریکہ کو ورلڈ کپ سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔ ایران نے اسے غیر پیشہ وارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے امریکی فٹبال فیڈریشن کے خلاف سنجیدہ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی ٹیم نے فیفا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جس پر اس پر جرمانہ اور 10 میچوں کی پابندی لگاتے ہوئے ورلڈ کپ سے نکال دینا چاہیے۔

دوسری جانب امریکی ٹیم نے بتایا کہ اس نے یہ اقدام ایران میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف احتجاج کے طور پر اور خواتین مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا۔

ایرانی اعتراض پر امریکی ٹیم نے اس سوشل میڈیا پوسٹ کو ہٹا کر ایران کے درست پرچم کے ساتھ نئی پوسٹ شیئر کردی اور کہا کہ وہ ہنوز ایرانی مظاہرین کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں پولیس تشدد سے 22 سالہ لڑکی مہسا امینی ہلاک ہوگئی تھی جس پر شدید احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ حکومت نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور شدید تشدد کیا جس سے اب تک درجنوں مظاہرین ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔